اقلیتیں بھی بی جے پی کو ووٹ دیں گی: ڈاکٹر سرما

تاثیر،۲۰مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کریم گنج (آسام)، 20 مارچ: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما نے کہا ہے کہ اقلیتی لوگ بھی اس بار بی جے پی کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار لوگ پارٹی جذبات سے اوپر اٹھ کر وزیر اعظم نریندر مودی کو ووٹ دیں گے۔ وزیر اعلیٰ یہاں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس کی سیاست میں یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی نوجوانوں کو بغیر رشوت دیے نوکریاں ملی ہیں۔ اقلیتوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج اقلیتی طبقہ کے لوگ بھی مودی کو ووٹ دینے جارہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کانگریس کے امیدواروں کو ووٹ دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، کیونکہ اگر وہ دھوکہ سے جیت جاتے ہیں تو وہ جیتنے کے بعد بی جے پی میں ہی شامل ہو ںگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو امیدواروں سے پوچھنا ہوگا کہ آپ ووٹ لے کر بی جے پی میں تو نہیں جائیں گے۔وزیر اعلی سرما نے دعویٰ کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے ایک امیدوار کے علاوہ سبھی بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کریم گنج سمیت ریاست کی 13 سیٹوں پر بی جے پی الیکشن جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی امیدوار گوہاٹی سیٹ پر سب سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے جیتے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گورو گوگوئی دو لاکھ سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے الیکشن ہاریں گے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے صحافیوں کے دیگر کئی سوالات کے براہ راست جوابات بھی دیئے۔