بہاربورڈ کی میٹرک کے نتائج کااعلان، 82.91فیصدطلبہ کامیاب، ویشالی کی صبیحہ پروین کوملاتیسرامقام

تاثیر، ۳۱  مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 31 مارچ:بہار اسکول ایگزامینیشن بورڈ کے چیئرمین آنند کشور نے اتوار کو دوپہر 1.30 بجے میٹرک امتحان 2024 کا نتیجہ جاری کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار بھی بہار بورڈ کا نتیجہ پورے ملک میں پہلے جاری ہوا ہے۔ اس بار امتحان میں شامل ہونے والے 16.91 لاکھ امیدواروں میں سے 13 لاکھ 79 ہزار 542 طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ اس بار کل نتیجہ 82.99 فیصد رہا۔ اس بار بہار بورڈ نے زیادہ سے زیادہ نمبروں کے ساتھ ٹاپ فائیو کی فہرست تیار کرکے جاری کی ہے۔ اس میں 489 نمبر حاصل کر کے پورانیہ کے ضلع اسکول کے طالب علم شیونکو کمار ریاستی ٹاپر بن گئے ہیں۔ انہیں ایک لیپ ٹاپ کے ساتھ ایک لاکھ روپے کی نقد رقم دی جائے گی۔بہاربورڈ کے جاری کردہ نتائج میں ٹاپ ٹین میں 51 طلبہ شامل ہیں۔ اس میں پورنیہ کے شیونکر کمار 489 نمبروں کے ساتھ پہلے مقام پر ہیں۔ سمستی پور کے آدرش کمار 486 نمبروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ سمتلالہ رہائشی اسکول کے آدتیہ کمار، مدھوبنی کی سمن، ہسی پور ایکما کی پالک کماری، ویشالی کی صبیحہ پروین نے تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ساڑھے چار لاکھ سے زائد طلباء نے فرسٹ ڈویژن میں کامیابی حاصل کی۔بہار بورڈ کے چیئرمین آنند کشور نے بتایا کہ اس بار 10ویں کے امتحان میں 4 لاکھ 52 ہزار 302 طلبہ نے فرسٹ ڈویژن حاصل کیا ہے۔ جبکہ پانچ لاکھ 24 ہزار 965 طلباء سیکنڈ ڈویژن میں پاس ہوئے۔ جبکہ تھرڈ ڈویژن میں تین لاکھ 80 ہزار 732 طلباء پاس ہوئے۔تعلیم کا معیار بہتر ہوا ہے، آئی ٹی ٹولز تیار ہوئے ہیں۔بہار اسکول ایگزامینیشن بورڈ کے چیئرمین آنند کشور نے کہا کہ پچھلے سالوں میں تعلیمی نظام میں کافی تبدیلی آئی ہے۔ بڑے پیمانے پر اساتذہ کی تقرری سے تعلیمی معیار میں بہتری آئی ہے۔ گزشتہ برسوں میں بہار بورڈ نے بہت سے نئے سافٹ ویئر اور آئی ٹی ٹولز تیار کیے ہیں۔ یہ جدید ٹیکنالوجیز ٹاپرکی تصدیق کے لئے استعمال ہوتی ہیں۔