بیجاپور ضلع کے گرلز پوٹاکیبن ہاسٹل میں لگی زبردست آگ، ایک لڑکی کی موت

تاثیر،۸مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بیجاپور/رائے پور، 7 مارچ: بیجاپور ضلع کے نکسل متاثرہ علاقے آواپلی تھانہ علاقے کے چنتاکونٹا کے گرلز پوٹاکیبن ہاسٹل میں بدھ کی دیر رات زبردست آگ لگ گئی۔ آگ لگنے سے چار سالہ بچی جھلس گئی اور دوران علاج موت ہوگئی۔ گاوں والوں کی مدد سے اسٹاف سمیت 300 لڑکیوں کو ریسکیو کرکے باہر نکالا گیا ہے۔ آگ سے پورا کیمپس جل کر خاکستر ہو گیا۔مقامی پولیس کے مطابق مرنے والی چار سالہ بچی کا نام لیپاکشی بتایا جارہا ہے۔ لڑکی اپنی بڑی بہن کے ساتھ پوٹا کیبن گھومنے آئی تھی اور بدھ کو وہیں ٹھہر گئی تھی۔ اسی دوران رات کو پوٹاکیبن آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس سے لڑکی جھلس کر جاں بحق ہوگئی۔پوٹا کیبن میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس انتظامیہ متحریک ہوگئی اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی۔ فی الحال آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس، انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ ہاسٹل میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہونا بتایا جارہا ہے۔ مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ پوٹا کیبن ریذیڈنشیل اسکول سسٹم کو اس وقت کی چھتیس گڑھ حکومت نے سال 2011 میں شروع کیا تھا۔ بستر کے اندرونی علاقوں میں نکسلیوں نے کئی اسکولوں کو منہدم کردیا یا آگ لگا کر تباہ کردیا۔ ان میں بہت سے اسکول ایسے ہیں جو دوبارہ نہیں بنائے گئے۔ ایسے علاقوں میں پوٹا کیبن اسکول بنائے گئے۔ یہاں نکسل علاقوں کے بچوں کو رہائشی اسکولوں کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔