بی جے پی دو -تین دنوں میں جاری کر سکتی ہے لوک سبھا امیدواروں کی پہلی فہرست

تاثیر،۱مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، یکم مارچ : لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مرکزی انتخابی کمیٹی (سی ای سی) کی میٹنگ جمعرات کی رات دیر گئے شروع ہوئی اور صبح 3.30 بجے تک جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق نشستوں کی تقسیم کا فارمولہ طے کرنے کے ساتھ ساتھ پہلی فہرست میں شامل امیدواروں کے ناموں پر بھی بات چیت کی گئی۔ مانا جا رہا ہے کہ بی جے پی دو تین دنوں میں اپنی پہلی فہرست جاری کر سکتی ہے۔
بی جے پی ہیڈکوارٹر میں چھ گھنٹے سے زیادہ تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی، صدر جے پی نڈا، مرکزی وزیر امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش، ترون چْگ، جی کشن ریڈی، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیوسائے، گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل، اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی موہن یادو، راجستھان کی نائب وزیر اعلی دیا کماری، مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان وغیرہ نے شرکت کی۔
نڈا پہلے ہی لوک سبھا انتخابات کے لیے ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ کئی دور کی میٹنگیں کر چکے ہیں۔ اس میٹنگ میں امیدواروں کے ناموں کا فیصلہ ہونا تھا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ مرکزی وزرا جو پہلے راجیہ سبھا کے ممبر تھے، انہیں لوک سبھا انتخابات میں اتارا جائے گا۔ ان میں بھوپیندر یادو، منسکھ منڈاویہ، دھرمیندر پردھان شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کمزور اور ہاری ہوئی نشستوں پر امیدواروں کے ناموں کا بھی جلد اعلان کیا جا سکتا ہے۔