تاثیر،۲۲مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی (22 ؍مارچ) جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن (آئی۔اے۔ایس۔ای)میں خصوصی آموزشی معذوریت (specific learning disability) کے موضوع پر ایک دوروزہ انٹرنیشنل آن لائن کانفرنس 23-22 مارچ کاافتتاح عمل میں آیا۔جامعہ کی روایت کے مطابق کانفرنس کا آغازتلاوت قرآن سے ہوا۔صدر شعبہ پروفیسر جیسی ابراہم نے سبھی مہمانوں اور شرکاکا خیرمقدم کرتے ہوئے کانفرنس کے اغراض ومقاصد اورضرورت پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اس پر ایک کلیدی خطبہ پیش کیا۔فیکلٹی آف ایجوکیشن کی ڈین پروفیسر سارہ بیگم نے کانفرنس کاتعارفی خاکہ پیش کرتے ہوئے اس کانفرنس کو وقت کی اہم ترین ضرورت بتایا۔انھوں نے کہا کہ اس موضوع پر ہندوستان میں بہت کم تحقیقات ہوئی ہیں اور اس پر بڑے پیمانے پر ریسرچ کرنے کی ضرورت ہے۔اس لیے کہ اب تعلیم کا مقصد وسیع ترہوگیا ہے اور ہم شمولیت جیسے موضوعات کو لے کرسماج کے ان سبھی طبقات کی تعلیم اور ترقی کی بات کرتے ہیں جنھیں صدیوں نظرانداز کیا گیا۔اس میں بھی خصوصی طورپر وہ طبقہ جو آموزشی معذوریت کے زمرے میں آتاہے، وہ نہ صرف نظر اندازہوتارہا بلکہ اس کی تعلیم پر سنجیدہ کوششیں بہت بعد میں شروع ہوئیں۔اس کانفرنس کا یہی بنیادی مقصد ہے کہ ذہنی طورپر وہ بچے جو آموزشی معذوریت سے دوچارہیں، ان کو تعلیم کے مرکزی دھارے میں شامل کیا جائے اور ان کو بھی ملک کی ترقی میں شامل کیاجائے۔اس موقع پر خصوصی اسپیکر کی حیثیت سے آسٹریلیا کی مشہورزمانہ یونیورسٹی آف ملبورن کی تنوع اور شمولیت کی ایسوسی ایٹ ڈین پروفیسر لیسامیکیابراؤن اوربرطانیہ کے ڈیوس لرننگ فاؤنڈیشن کی ڈائرکٹر پروفیسرریچارڈوائٹ ہیڈ نے خصوصی طورپر خطاب کیا۔کانفرنس کی ڈائرکٹر پروفیسر ویراگپتانے مرکزی موضوع کے ذیلی موضوعات اور عناوین کا ایک خاکہ پیش کیا۔پروگرام میں بڑی تعدادمیں مختلف یونیورسٹیوں کے اساتذہ، تعلیمی وفود، محققین، ریسرچ اسکالرز اورطلبا وطالبات شریک ہوئے۔پروفیسر مہنازانصاری کے اظہارتشکر پر افتتاحی تقریب اختتام پذیر ہوگئی۔