تاثیر،۲۱مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جے پور، 21 مارچ : راجستھان کیضلع جے پور کے وشوکرما تھانہ علاقے میں جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے سات بجے چائے اور ناشتہ بناتے ہوئے گیس سلنڈر سے پائپ نکلنے سے اچانک آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زندہ جل گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں والدین اور تین بچے شامل ہیں۔ پولیس اور فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا اور جلی ہوئی لاشوں کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال پہنچایا۔
جے پور ویسٹ کے ڈپٹی پولیس کمشنر امت کمار نے بتایا کہ یہ واقعہ وشوکرما تھانہ علاقہ کے جیسلیا گاوں میں پیش آیا، جہاں صبح تقریباً سات بجے چائے اور ناشتہ بناتے ہوئے اچانک گیس سلنڈر کے پائپ نکل جانے سے لگی آگ میں راجیش (26)، اس کی بیوی روبی (24)، ایشو (7)، دلخوش (2) اور خوشمانی (4) کی موت ہوگئی ۔ یہ خاندان مدھوبنی، بہار کا رہنے والا تھا اور یہاں کرائے پر رہتا تھا۔ راجیش ایک فیکٹری میں کام کرتا تھا۔ یہ خاندان تقریباً 4-5 ماہ سے یہاں رہ رہا تھا۔ چند دنوں کی چھٹی پر بہار گئے تھے۔ کل شام ہی واپس آئے تھے۔ آج صبح ایک حادثہ پیش آیا۔
پولیس افسر راجیندر شرما نے بتایا کہ ابتدائی معلومات سامنے آ رہی ہیں کہ جمعرات کی صبح جب بچوں کی ماں روبی چائے اور ناشتہ بنا رہی تھی تو گیس پائپ سے تیزی سے گیس لیک ہونے سے پورے کمرے میں آگ لگ گئی۔ راجیش بھی وہاں موجود تھا۔ پہلے تو وہ گھر سے باہر بھاگا لیکن بعد میں اپنے بچوں اور بیوی کو بچانے کے لیے واپس اندر بھاگا۔ شور کے دوران آس پاس کے لوگ بھی موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق کمرے کے گیٹ پر سلنڈر اور چولہا رکھا ہوا تھا جس کی وجہ سے کوئی باہر نہیں آ سکا تاہم کچھ دیر بعد اندر سے چیخ و پکار کی آوازیں ختم ہو گئیں۔ جب فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پایا تو پولیس اور گاوں کے لوگ اندر گئے تو پتہ چلا کہ پورا خاندان زندہ جل گیا ہے۔ پانچوں کی لاشوں کو چادر میں لپیٹ کر پولیس نے ایمبولینس میں رکھا۔ فارنسک سائنس لیبارٹری کی ٹیم نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی جے پور کے کلکٹر، ایس ڈی ایم، جے پور پولیس کمشنر، ڈپٹی کمشنر آف پولیس جے پور ویسٹ، چومو اسسٹنٹ پولیس کمشنر، مرلی پورہ پولیس اسٹیشن آفیسر، ہرماڑہ پولیس اسٹیشن آفیسر اور دیگر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور واقعہ کی جانکاری حاصل کی۔ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ جے پور کے وشوکرما علاقے میں زبردست آگ لگنے سے پانچ شہریوں کی بے وقت موت کی خبر دل دہلا دینے والی ہے۔ ایشور سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کی روح کو اپنے قدموں میں سکون عطا فرمائے اور لواحقین کو اس صدمے کو برداشت کرنے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی توفیق عطا فرمائے۔