سی اے اے قوانین کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری، پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان کی اقلیتوں کو شہریت دی جائے گی

تاثیر،۱۲مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 11 مارچ :مرکزی وزارت داخلہ نے آج شہریت (ترمیمی) ایکٹ 2019 (سی اے اے-2019) کے تحت قوانین کونافذ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ شہریت (ترمیمی) قانون کے تحت پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان میں ناروا سلوک کے شکاراقلیتوں ( عیسائیوں، بودھوں، اور جین مذہب کے ) اہل افراد ہندوستانی شہریت کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ وزارت داخلہ نے آج اس سلسلے میں معلومات کا اشتراک کرتے ہوئے کہا ہے کہ درخواست کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہوگا اور اس کے لیے ایک ویب پورٹل تیار کر دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سی اے اے ہندوستان کے پڑوسی ممالک افغانستان، پاکستان اور بنگلہ دیش میں رہنے والے اقلیتی طبقے کے لوگوں کے لیے شہریت حاصل کرنا آسان بنانے کا ایک انتظام ہے۔ اس کے تحت ہندو، بدھ، سکھ اور عیسائی جو ظلم و ستم کا شکار ہو کر ان ممالک سے آئے ہیں، ہندوستانی شہریت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ سی اے اے کے معاملے پر 2019 میں ملک گیر سطح پر مظاہرے ہوئے تھے۔ دہلی کے شاہین باغ میں بڑی تحریک چلی تھی۔ بعد میں مظاہرین کو کووڈ کی وجہ سے احتجاج کو ختم کرنا پڑا تھا۔ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے چوکس ہے کہ اس بار ایسا احتجاج نہ ہو اور اس کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ملک کے مختلف مقامات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔