عامر خان کو ان کے یوم پیدائش پر ڈھیروں مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار

تاثیر،۱۴مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ اور ورسٹائل اداکار عامر خان آج 59 برس کے ہو گئے۔ مداح انہیں ان کے یوم پیدائش کی مبارکباد دے رہے ہیں۔ عامر خان بھی ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہے ہیں۔ صارفین ٹویٹ کر کے اپنے پسندیدہ اداکار کو سالگرہ کی مبارکباد دے رہے ہیں۔ عامر کی سالگرہ پر کچھ خاص خبریں۔
عامر خان 14 مارچ 1965 کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔ ان کا پورا نام محمد عامر حسین خان ہے۔ عامر کے والد طاہر حسین فلم پروڈیوسر تھے، جب طاہر کی فلمیں اسکرین پر ناکام ہونے لگیں تو وہ نہیں چاہتے تھے کہ عامر فلمی دنیا میں آئیں۔ عامر کو بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا۔ اس لیے انہوں نے اپنی پڑھائی بھی مکمل نہیں کی اور اداکاری کے میدان میں آگئے۔ انہوں نے شروع میں کچھ مختصر فلموں میں کام کیا تھا لیکن ’قیامت سے قیامت تک‘ ان کی پہلی فلم تھی۔ یہ فلم سپرہٹ ہوئی اور عامر بہت مقبول ہوئے۔
کہا جاتا ہے کہ عامر بہت جذباتی ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ 17 سال کی عمر میں انہوں نے اپنی گرل فرینڈ کے ہاتھوں زخمی ہونے کے بعد اپنا سر منڈوایا تھا۔ عامر نے 1986 میں رینا دتہ سے شادی کی۔ اس وقت عامر کی عمر 21 سال اور رینا کی عمر 18 سال تھی۔ رینا عامر کے گھر کے بالکل سامنے رہتی تھی اور عامر کو اس سے پیار ہو گیا تھا۔ جب رینا کو ابتدا میں عامر کی محبت سمجھ نہیں آئی تو عامر نے ایک بار اسے اپنے خون سے لکھا ہوا خط بھیجا تھا۔ تاہم بعد ازاں عامر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’یہ بچگانہ حرکت ہے اور کسی کو ایسا نہیں کرنا چاہئے۔
عامر خان نے 1986 میں رینا دتہ سے شادی کی۔ عامر نے شادی کے 16 سال بعد رینا کو طلاق دے دی۔ جوڑے کے دو بچے ہیں، آئرہ خان اور جنید۔ آئرہ نے اس سال نوپور شیکھرے سے شادی کی تھی اور جنید جلد ہی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں۔ عامر خان نے 2005 میں کرن راؤ سے دوسری شادی کی۔ اس کے بعد دونوں 2021 میں الگ ہو گئے۔ اس شادی سے ان کا ایک بیٹا آزاد ہے۔ طلاق کے بعد بھی دونوں اکثر ایک ساتھ نظر آتے ہیں۔