تاثیر،۲۸مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جائزہ میٹنگ میں ڈی ایم نے دیں سخت ہدایات
چھپرہ (نقیب احمد)
انتخابی سرگرمیاں تیز ہونے کا وقت آگیا ہے۔ ایسی صورت حال میں انتظامیہ کی یہ اہم ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق کی تعمیل کو یقینی بنائے۔غیر قانونی نقد لین دین یا منشیات اور قیمتی اشیاء کی آمد و رفت کو روکے۔اس کے لیے فلائنگ اسکواڈ کی ٹیم کو سرگرمی سے کام کرنا ہوگا۔یہ باتیں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کم ڈی ایم امن سمیر نے بدھ کو کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں منعقدہ ایف ایس ٹی اور ایس ایس ٹی کے جائزہ میٹنگ کے دوران کہیں۔انہوں نے کہا کہ کام کے تئیں عدم دلچسپی یا عدم توجہی کے خلاف براہ راست سخت کارروائی کی جائے گی۔ٹیم کے ارکان باہمی ہم آہنگی سے کام کریں۔C-Vigil پر موصول ہونے والی کسی بھی شکایت کو بہت سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق 100 منٹ کے اندر اندر اس کا ازالہ کرنا ہوگا۔جس میں ٹیم کو مذکورہ مقام پر پہنچ کر کارروائی کرنے کے لیے صرف 45 منٹ کا وقت دیا گیا ہے۔جبکہ اے آر او کی سطح پر کیس کو 50 منٹ میں حل کرنا ہوتا ہے۔جیسے ہی کوئی شکایت آتی ہے چوبیس گھنٹے کام کرنے والی ڈی سی سی ٹیم اسے پانچ منٹ کے اندر قریب ترین ایف ایس ٹی کو تفویض کر دیتی ہے۔وقت ضائع کیے بغیر ٹیم ممبر کو بذات خود سائٹ پر پہنچنے شکایت کو حل کرنے یا کارروائی کرتے ہوئے تصویر کو ایپ پر اپ لوڈ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی کوئی شکایت آتی ہے وہ آن بورڈ ہو جاتی ہے۔جس کی نگرانی ریاست سے لے کر الیکشن کمیشن آف انڈیا تک کی جاتی ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو نظام کو ہموار بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے صرف شکایت درج ہونے پر کارروائی کرنے کی بجائے ذاتی طور پر دورہ کر ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی تعمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔تمام تھانوں کی سطح پر تشکیل دیے گئے ایس ایس ٹی سے رابطہ قائم کرنے اور ان کا دورہ کرنے کی ہدایت دی ۔اس موقع پر ڈی آئی او تارنی کمار نے PPT کے ذریعے C-Vigil اور ESMS ایپ کے آپریشن کے بارے میں تفصیلی تربیت دی۔اس موقع پر ایس پی ڈاکٹر گورو منگلا نے تحقیقاتی مہم کو تیز کرنے،تمام چیکنگ بیریئر کو فعال کرنے اور مجسٹریٹ اور ایس ایچ او کو ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر موجود نوڈل آفیسر کم جوائنٹ کمشنر اسٹیٹ ٹیکس سیریل بیک نے نقد لین دین کی شرائط کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ پچاس ہزار سے زیادہ کی رقم کی ٹھوس معلومات ہونی چاہئیں۔بینک ملازمین اور اے ٹی ایم وین کو بھی مناسب سرٹیفکیٹ رکھنا ہوگا۔انہوں نے سیزر کے طریقہ کار اور اس کے بعد کی جانے والی کارروائی کے بارے میں جانکاری دی۔میٹنگ میں ڈی ڈی سی پرینکا رانی،اے ڈی ایم پی جی آر او سنجے کمار،ڈائریکٹر ڈی آر ڈی اے قیوم انصاری،ڈپٹی الیکشن آفیسر جاوید اقبال،تمام ایس ڈی ایم،ایف ایس ٹی ممبران کے ساتھ ساتھ تمام بی ڈی او،سی او،ایس ایچ او ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ میں موجود تھے۔