تاثیر،۲مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 2مارچ:انڈین پریمئرلیگ (آئی پی ایل) کے 17ویں سیزن کا آغاز 22 مارچ سے ہونے والا ہے۔ پہلا مقابلہ دفاعی چمپئن چنئی سپرکنگس اور کبھی خطاب نہیں جیتنے والی رائل چیلنجرس بنگلورو کے درمیان چیپاک میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ چنئی میں ہوگا۔ ابھی 22 مارچ سے 7 اپریل تک کا ہی آئی پی ایل شیڈول آیا ہے۔ لوک سبھا الیکشن کی تاریخ کے بعد ہی باقی کا شیڈول آئے گا۔ اس سے پہلے لکھنو سپرجائنٹس کی فرنچائزی مسلسل تبدیلی کر رہی ہے۔ اسی ضمن میں ٹیم نے ایک اور بڑی تبدیلی کی ہے۔ جنوبی افریقہ کے ایک سابق کھلاڑی کی انٹری ہوئی ہے۔لکھنؤ جائنٹس کی ٹیم نے جہاں جمعرات کو نکولس پورن کو اپنا نائب کپتان نامزد کیا تھا۔ وہیں اب جمعہ کی رات ٹیم نے اپنے خیمے میں ایک اور معاون کوچ کی انٹری کروالی ہے۔ ان کا نام ہے جنوبی افریقہ کے سابق عظیم آل راونڈرلانس کلوزنر۔ کلوزنرٹیم کے چیف کوچ جسٹس لینگراورساتھی معاون کوچ ایس شری رام کے ساتھ مل کام کریں گے۔ لانس کلوزنرکو بطور معاون کوچ ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ اس سے پہلے اس سیزن کے لئے لکھنو نے اپنے چیف کوچ اینڈی فلاور کی جگہ جسٹس لینگرکوسائن کیا تھا۔ وہیں گوتم گمبھیر بھی اب لکھنو کا ساتھ چھوڑکرکولکاتا نائٹ رائیڈرس کے ساتھ جڑ گئے ہیں۔لکھنؤکی ٹیم آئی پی ایل کا تیسرا سیزن کھیلنے اترے گی۔ گزشتہ دونوں سیزن میں یہ ٹیم پلے آف تک پہنچی ہے، لیکن ایک باربھی فائنل تک نہیں پہنچی اور نہ ہی کپ پرقبضہ کرپائی۔ اس بار ٹیم نے مشکل تیاریاں کی ہیں۔ کئی تبدیلیاں کی ہیں۔ کوچ سے مینٹارتک سبھی بدل گئے ہیں۔ یہ ٹیم مضبوط ہے، بس دیکھنا ہوگا کہ کپتان کے ایل راہل کتنا جلدی فٹ ہوجاتے ہیں۔کے ایل راہل (کپتان)، کوئنٹن ڈی کاک، نکولس پورن (نائب کپتان)، آیوش بدونی، کائل میئرس، مارکس اسٹوئنس، دیپک ہڈا، روی بشنوئی، نوین الحق، کنال پانڈیا، یدھ ویر سنگھ، پریرک ماکنڈ، یش ٹھاکر، امت مشرا، شمار جوسف، مینک یادو اورمحسن خان، شیوم ماوی، ایم سدھارتھ، ڈیوڈ ولی، ایشٹن ٹرنر، ارشن کلکرنی اورارشد خان۔

