تاثیر،۱۰مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم وریاض اسلامک اسکول فلک نما میں وقف بورڈچیئرمین کی تہنیتی تقریب
حیدراباد:9 مارچ :مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم کابھی اہتما م ہونا چاہئے کیوں کہ آج کا دورمسابقتی دور ہے ۔ہم کوہمارے بچوں کو سماج کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا چاہئے تاکہ وہ آگے چل کر سماجی دھارے میں مکمل طورپر شامل ہوسکیں۔ ان خیالات کااظہار مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم وریاض اسلامک اسکول واقع مصطفی نگر فلک نما میں وقف بورڈ کے نومنتخبہ صدر سیدعظمت اللہ حسینی نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے اس مدرسہ میں آکر بہت خوشی ومسرت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں کے بچے دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم حاصل کرتے ہوئے ایس سی سی امتحانات میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مدرسہ کے ذمہ داران ،معلمین ومعلمات کی کوششیں قابل ستائش ہیں کہ یہاں بچوں کو انٹراور ڈگری کیلئے ٹیوشن وغیرہ کاانتظام موجود ہے اور ساتھ ہی ساتھ طعام ورہائش کی مکمل سہولت دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میرے والدین کومدارس سے بہت لگائو تھا اس لئے مجھے اندازہ ہے کہ مدرسہ کے ذمہ دران کومدرسہ کوچلانے کیلئے کتنی تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن دین کا کام کرنے والوں کواللہ تعالیٰ کی مددد ہمیشہ حاصل رہتی ہے۔مہمان اعزازی ارشاد ناصر نے کہاکہ میں نے فیض العلوم سے ابتدائی تعلیم حاصل کی ہے ۔مجھے یہاں آکر بہت خوشی ہورہی ہے کیوں یہی معصوم بچہ ہماری قوم کا اثاثہ ہے اوریہ آگے چل کردین کی خدمت کریں گے۔ یہاں جس طرح سے دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم کانظم ہے اس کودیگرمدارس کوبھی اپناناچاہئے۔اس موقع پر بانی ادارہ نے دونوں مہمانوں کی شال پوشی وگلپوشی کرتے ہوئے دلی مبارکبادی پیش کی اوراپنے خطاب میں کہاکہ وقف کا عہدہ بڑی ذمہ داری والی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دین کا کام لینے کیلئے سید عظمت اللہ حسینی کواس عہدہ پرفائز کیا ہے۔ یقینا یہ والدین کی دعائوں کانتیجہ ہے جس سے انہیں قوم وملت کیلئے کام کرنے کا موقع ملاہے۔ داعی اجلاس مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی ناظم ادارہ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اورمدرسہ کا تعارف پیش کیا۔اس موقع پر مدرسہ کے ذمہ داران،طلبہ اور سرپرست موجود تھے۔