تاثیر،۹مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 08مارچ: ویمنز پریمیئر لیگ کے 14ویں میچ میں ممبئی انڈینز نے یوپی واریئرز کو 42 رنوں سے شکست دے دی۔ ممبئی انڈینز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رن بنائے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے یوپی واریئرز 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 118 رن ہی بنا سکی۔
ممبئی انڈینز کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ممبئی کی شروعات بہت خراب رہی۔ 17 رن پر دو وکٹیں گر گئیں۔ 76 کے اسکور پر ٹیم کو تیسرا جھٹکا نیٹ سیور برنٹ (45) کی صورت میں لگا۔ اسی دوران کپتان ہرمن پریت کور (33) بھی 104 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئیں۔
امیلیا کیر نے 23 گیندوں پر 39 رنوں کی اننگز کھیلی۔ امن جوت نے 7 رن کا تعاون دیا۔ ایس سنجنا نے 14 گیندوں پر 22 رن کی تیز اننگز کھیلی۔ یوپی کے لیے چماری اٹا پٹو نے دو وکٹ لیے۔ گائیکواڑ، دیپتی شرما اور سائمہ ٹھاکر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ممبئی کی طرف سے دیئے گئے 161 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے یوپی کی شروعات بھی خراب رہی۔ 15 کے اسکور پر تین وکٹیں گر گئیں۔ کپتان الیسا ہیلی نے تین اور کرن نوگیرے نے 7 رن بنائے۔ چماری اٹاپٹو نے 3 رن کا تعاون دیا۔ گریس ہیرس نے 15 رنوں کی اننگز کھیلی۔ شویتا سہراوت 17 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔
اس کے بعد آل راونڈر دیپتی شرما نے 36 گیندوں پر 53 رنوں کی ناٹ اننگز کھیلی۔ تاہم دیپتی کی یہ اننگز ان کی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہی ۔ ممبئی کی جانب سے سائکا اساک نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ نیٹ سیور برنٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اسماعیل، ہیلی میتھیوز اور پوجا وستراکر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔