نندی گرام میں ترنمول کارکنوں پر حملے کا الزام

تاثیر،۸مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 7 مارچ : بی جے پی پر مشرقی مدنا پور ضلع کے نندی گرام میں ترنمول کے حامیوں پر حملے کا الزام عائد ہوا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کولکاتا میں ترنمول کی ریلی میں جا رہے کارکنوں پر بی جے پی کارکنوں نے حملہ کیا ہے۔ ترنمول کے پانچ کارکنان-حامی شدید طور پر زخمی ہیں۔ بدھ کی رات نندی گرام بلاک نمبر ایک کے مہیش پور علاقے میں اس حملے کے بعد ماحول کشیدہ ہے۔
الزام ہے کہ مہیش پور سبھا سے ورنداون پور جا رہے ترنمول کارکنوں پر بی جے پی کارکنوں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔ اس حملے میں گوکل نگر گرام پنچایت کے سابق نائب پردھان اشوک داس اور مقامی بزرگ ترنمول لیڈر بھرت داس شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں نندی گرام سپر اسپیشلٹی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس واقعہ کے خلاف احتجاج میں ترنمول نے مہیش پور، گوکل نگر، نندی گرام میں جمعرات کی صبح 7:30 سے 9:30 بجے تک دو گھنٹے تک ٹائر جلا کر سڑک کو جام کر دیا۔
احتجاج میں تملوک تنظیمی ضلع یوتھ ترنمول کانگریس کے صدر اصغر علی، نندی گرام بلاک نمبر 1 ترنمول کے صدر بپادتیہ گرگ، شیخ سفیان اور دیگر شامل تھے۔ اس سلسلے میں بی جے پی کے تملوک تنظیمی ضلع جنرل سکریٹری میگھناتھ پال نے کہا، ’’حملے سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں ہے‘‘۔ اگر کچھ ہوا ہے تو اس کا براہ راست تعلق ترنمول کی اندرونی دھڑے بندی سے ہے۔