ویلنگٹن ٹیسٹ-آسٹریلیا کی پہلی اننگز 383 رنوں پر سمٹی، کیمرون گرین کی ناٹ آوٹ سنچری

تاثیر،۱مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ویلنگٹن، یکم مارچ: کیمرون گرین اور جوش ہیزل ووڈ کے درمیان آخری وکٹ کے لیے 116 رنوں کی شراکت کی بدولت یہاں بیسن ریزرو میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا مضبوط پوزیشن پر پہنچ گیا۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز آخر کار دوسرے دن لنچ سے ٹھیک پہلے ہیزل ووڈ کے آوٹ ہونے کے ساتھ ہی 383 رنوں پر ختم ہوئی۔ گرین اور ہیزل ووڈ کے درمیان 116 رنوں کی ریکارڈ شراکت ہوئی، اس کے ساتھ ہی دونوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری وکٹ کے لیے 114 رنوں کی گزشتہ سب سے بڑی شراکت داری کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس سے قبل 2004 میں گلین میک گرا اور جیسن گلیسپی نے گابا میں آخری وکٹ کے لیے 114 رن جوڑے تھے۔ گرین 174 رن بنا کر ناٹ آوٹ رہے جبکہ ہیزل ووڈ نے 22 رن بنائے۔
آخری بار آسٹریلیا نے ایک اننگز میں 10ویں وکٹ کے لیے ایسی شراکت داری 2015 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کی تھی جب ایڈم ووجز اور ہیزل ووڈ نے روسیئو میں 97 رن جوڑے تھے۔
میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹیم اسٹیو اسمتھ اور عثمان خواجہ نے اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کے لیے 61 رن جوڑے۔ میٹ ہنری نے اسمتھ کو آوٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اسمتھ نے 31 رن بنائے۔ اس کے بعد آسٹریلیا نے 89 رن کے اسکور تک مارنس لیبوشین (01)، عثمان خواجہ (33) اور ٹریوس ہیڈ (01) کی وکٹیں گنوا دیں۔
یہاں سے مچل مارش اور گرین نے پانچویں وکٹ کے لیے 67 رن جوڑے اور آسٹریلیا نے 150 رن کا ہندسہ عبور کیا۔ 156 کے مجموعی اسکور پر مارش 40 رن بنانے کے بعد میٹ ہنری کا شکار بنے۔ ایلکس کیری 10 رن بنا کر 176 کے کل اسکور پر اسکاٹ کگیلن کا شکار بنے۔ اس کے بعد گرین نے پہلے مچل اسٹارک (09) اور پھر کپتان پیٹ کمنز (16) کے ساتھ چھوٹی شراکتیں کیں اور ٹیم کے اسکور کو 248 تک لے گئے۔ 267 کے اسکور پر ناتھن لیون (05) کے آوٹ ہونے کے بعد گرین اور ہیزل ووڈ نے آخری وکٹ کے لیے ریکارڈ 116 رن جوڑے، جس سے آسٹریلیا کا اسکور 383 رنوں تک پہنچا۔ میٹ ہنری نے ہیزل ووڈ کو آوٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ ہیزل ووڈ نے 22 رن بنائے جبکہ گرین 174 رن بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 5، اسکاٹ کگیلن اور ولیم اوروورکے نے 2- 2 اور رچن رویندرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
خبر لکھنے تک نیوزی لینڈ اپنی پہلی اننگز میں صرف 41 رن پر 5 وکٹیں گنوا چکا ہے۔ ٹام بلنڈیل 4 اور گلین فلپس 8 رن کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔