چوپال میں گہری کھائی میں گری گاڑی ، 3 جاں بحق، ایک زخمی

تاثیر،۱۵مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

شملہ، 14 مارچ : ضلع کے بالائی علاقے چوپال کے سنراہ روڈ پر بدھ کی رات ایک بولیرو گاڑی گہری کھائی میں گر گئی۔ اس حادثے میں تین افراد کی موت ہو گئی جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ چوپال پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔ حادثے کی وجہ ڈرائیور کی لاپرواہی بتائی جا رہی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سنراہ کے رہنے والے یہ لوگ بدھ کی رات بولیرو گاڑی میں گھر واپس جا رہے تھے۔ بولیرو میں چار افراد سوار تھے۔ چفلاہ نامی جگہ پرگاڑی ڈرائیورکے قابو سے باہر ہو گئی اور بولیرو تقریباً 300 میٹر گہری کھائی میں جاگری۔ حادثے میں تین افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ مرنے والوں کی شناخت ڈرائیور کمل پرکاش (40) ولد جیت سنگھ ساکن گاوں دیمو، دیو دت ساکن گڑھوالی، راجیش کمار (33) ولد بھیش رام گاوں سنراہ کے طور پر کی گئی ہے۔ متوفی دیو دت اسٹریٹ میں دکان چلاتا تھا۔ حادثے میں زخمی دنیش کمار (35) ولد شیر سنگھ ساکن گاوں بنوٹی سنراہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ایس پی شملہ سنجیو گاندھی نے بتایا کہ زخمی دنیش کمار کی شکایت پر چوپال پولیس نے کیس درج کرکے حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کردی ہے۔ حادثے کی وجہ ڈرائیور کی لاپرواہی بتائی جا رہی ہے۔
شملہ ضلع کے بالائی علاقے روہڑو، ٹھیوگ اور کمارسین کے بعد اب چوپال سب ڈویژن میں ایک سنگین سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ اتوار کو روہڑو سب ڈویژن کے علاقے ٹکر میں بولیرو جیپ کھائی میں گرنے سے دادا اور پوتا جاں بحق جب کہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔ پیر کو روہڑو سب ڈویژن کے سی او کینچی میں ایک آلٹو کار بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔ حادثے میں دو بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ اسی دن کمارسین میں سڑک حادثہ میں ایک 22 سالہ نوجوان کی موت ہوگئی۔ منگل کو ٹھیوگ سب ڈویژن کے دیہا میں ایک سوئفٹ کار کھائی میں گرنے سے سوار تینوں نوجوان ہلاک ہوگئے۔