تاثیر،۲۲مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 22مارچ: دہلی ایکسائز پالیسی گھوٹالہ معاملے میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کے بعد اب بی جے پی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو بھی آنکھیں دکھانا شروع کر دی ہیں۔ ریاستی بی جے پی صدر سکانت مجومدار نے کہا ہے کہ جلد ہی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی باری بھی آئے گی۔
انھوں نے بنگالی میں ایک مکالمہ لکھا ہے، جس کا ہندی ترجمہ یہ ہے کہ ’’چاہے کتنا ہی ردھولو، مفلر کے بعد اب ہوائی چپل کی باری ہے۔ کیجریوال کے لیے علامتی طور پر مفلر کا استعمال کیا جاتا ہے جب کہ ممتا بنرجی چپل کا استعمال کرتی ہیں۔
در اصل ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا کے سابق ممبر پارلیمنٹ کے ڈی سنگھ کی چٹ فنڈ کمپنی الکیمسٹ کے معاملے میں مرکزی ایجنسی پہلے ہی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا نام گھسیٹ چکی ہے۔ مرکزی ایجنسی ای ڈی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ الکیمسٹ کیس میں منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہے۔ کمپنی کی کئی جائیدادیں ضبط کر لی گئی ہیں۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اپنے انتخابی پروگراموں کے لیے الکیمسٹ کے فائنانس پر ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا تھا۔ ترنمول کے کئی لیڈروں نے اس کا استعمال کیا تھا۔ اس کے علاوہ مرکزی ایجنسیاں روز ویلی اور شاردا چٹ فنڈ سمیت دیگر معاملات میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کاکہیں نہ کہیں کنیکشن ظاہر کر رہی ہیں۔ ادھر ریاستی بی جے پی کے اس طرح کے دعوے ریاستی سیاست میں سرخیوں میں ہیں۔
خاص بات یہ ہے کہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے مرکزی ایجنسی مکمل ایکشن موڈ میں ہے۔ 50 دنوں کے اندر ملک کی دو ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ جیل جا چکے ہیں۔ ان میں جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جنوبی ہند کے سینئر لیڈر کے کویتا کو بھی دہلی ایکسائز کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس لیے اب ممتا بنرجی کو لے کر بی جے پی نے اس طرح کا دعویٰ کیا ہے، تو اسے بنگال میں اہم سمجھا جا رہا ہے۔