گجرات یونیورسٹی: غیر ملکی طلبہ کے لیے الگ رہنے کا انتظام ہوگا

تاثیر،۱۸مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

احمد آباد، 18 مارچ: نماز پڑھنے کی جگہ کو لے کر ہوئے تنازعہ پر افغان طالب علم کے ساتھ مارپیٹ کے واقعے کے بعد گجرات یونیورسٹی انتظامیہ نے اہم فیصلہ کیا ہے۔ یونیورسٹی کے غیر ملکی طلبا کے لیے غیر مقیم ہندوستانی (این آر آئی) ہاسٹل میں رہنے کا انتظام کیا جائے گا۔
ہر سال بڑی تعداد میں غیر ملکی طلبا گجرات یونیورسٹی میں انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز (آئی سی سی آر ) کے تحت تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔ ان تمام طلبہ کو عام طلبہ کے ہاسٹل میں ہی رہائش فراہم کی جاتی ہے۔ حالانکہ یونیورسٹی نے ایک این آر آئی ہاسٹل بھی بنایا ہے لیکن اسے الاٹ نہیں کیا گیا ہے کیونکہ فائر این او سی سمیت کچھ اور کام زیر التوا ہیں۔
افغانی طالب علم پر حملے کے واقعے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ سمیت ریاستی حکومت نے اسے سنجیدگی سے لیا ہے۔ فوری طور پر کئی اقدامات کیے گئے۔ ساتھ ہی ساتھ یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں سخت قوانین نافذ کیے گئے ہیں، تاکہ عام لوگوں کی بلا روک ٹو ک نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔ غیر ملکی طلبا کو سہولیات دینے کے حوالے سے پہلے بھی مطالبات کیے گئے لیکن اسے نظر انداز کیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد وزیر مملکت برائے داخلہ ہرش سنگھوی نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی اور کئی اہم احکامات جاری کئے۔ جس کے بعد پولیس اور یونیورسٹی انتظامیہ حرکت میں آگئی۔
معلومات کے مطابق غیر ملکی طلبا کے لیے فوری طور پر علیحدہ انتظامات کرنے کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ این آر آئی ہاسٹل کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے، یونیورسٹی نے تین دنوں کے اندر تمام غیر ملکی طلبا کو این آر آئی ہاسٹل جی -9 فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ گجرات یونیورسٹی میں اشوک این آر آئی ہاسٹل کے وارڈن کے طور پر چاوڈا کواور ڈاکٹر کپل کمار کوکوآرڈینیٹر کا چارج دیا گیا ہے۔ یونیورسٹی اسٹیٹ آفیسر کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ گجیندر پٹیل کو انچارج اسٹیٹ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ گجرات یونیورسٹی نے فارن اسٹوڈنٹ ایڈوائزری کمیٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے۔