تاثیر،۲۲مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) تہوار ہولی اور ماہ رمضان میں امن اور ہم آہنگی بحال رکھنے کے مدنظر مورخہ 21 مارچ کو شہر کے پرانے ٹاؤن تھانہ احاطہ میں صدر ایس ڈی او آشوتوش رنجن کی صدارت میں امن کمیٹی کی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، میٹنگ کے دوران ایس ڈی ایم نے تہوار کو امن اور ہم آہنگی کے ماحول میں منعقد کرنے پر خصوصی زور دیا اور انتظامیہ کے تعاون سے عام لوگوں سے اس تہوار کو باہمی بھائی چارہ کے ساتھ منانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہولی سے قبل سڑکوں کی مرمت، نالوں کی صفائی، خستہ حال تاروں کی تبدیلی اور تمام سڑکوں اور گلیوں میں مناسب روشنی کے انتظامات متعلقہ محکمہ کے افسران کرینگے، ہولی تہوار کے دوران منعقد ہونے والے ثقافتی پروگراموں، جلوسوں وغیرہ میں بیہودہ رقص اور فحش گانوں پر مکمل پابندی ہوگی، انہوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ ڈی جے پر ہر حال میں پابندی رہیگی اور پولس انتظامیہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے والے سماج دشمن عناصر پر خصوصی نظر رکھیگی ۔ تمام ہولیکا دہن اور حساس مقامات کا معائنہ کرنے کے بعد مجسٹریٹ مقرر کئے جائینگے اور پٹرولنگ ٹیم بھی مسلسل متحرک رہیگی، اس دوران نگر پوجا سمیتی اور محرم کمیٹی کے ممبران نے بھی ضلعی انتظامیہ کو شہر میں پیدا ہونے والے صفائی کے نظام کے ساتھ دیگر کئی مسائل سے آگاہ کیا اور انتظامیہ کے تعاون سے پوجا پرامن اور ہم آہنگ ماحول میں منعقد کرنے کو کہا گیا ۔ صدر ڈی ایس پی دلیپ کمار نے کہا کہ امن برقرار رکھنے میں سب کے تعاون کی توقع ہے، گمراہ کن، افواہ اور جھوٹی خبروں سے بچنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر پر نظر رکھنے کے لئے شہر کے مختلف مقامات پر سادہ لباس میں پولس اہلکار تعینات کئے جائینگے اور شہر کے تمام اہم مقامات پر مرد و خواتین پولس فورس کی مناسب تعداد تعینات کی جائیگی، پٹرولنگ ٹیم پورے شہر و تمام علاقوں میں مسلسل گشت کریگی، میٹنگ کے دوران بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر جناردن تیواری، ٹریفک ڈی ایس پی عادل بلالے، ٹاؤن پولس اسٹیشن صدر راجیو رنجن رائے، محرم کمیٹی اور نگر پوجا سمیتی کے عہدیدار موجود تھے ۔

