آئی ایس ایل 24-2023 : آخری پلے آف جگہ کے لیے ٹکرائیں گے چنئیین اور جمشید پور

تاثیر،۴       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

چنئی، 4 اپریل: چنئیین ایف سی آج شام انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) 24-2023 میں جمشید پور ایف سی سے اپنے ہوم گراونڈ جواہر لعل نہرو انڈور اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ اس میچ کے ساتھ ہی میچ ویک 21 کا آغاز ہوگا، جس میں دونوں ٹیمیں پلے آف کے واحد باقی یعنی چھٹی پوزیشن کے لیے جیتنے کی کوشش کریں گی۔
موہن باغان سپر جائنٹ کے خلاف 2-3 سے جیت کے بعد چنئیین ایف سی آئندہ مقابلے میں حصہ لے گی۔ جمشید پور ایف سی نے اپنا آخری میچ کیرالہ بلاسٹرز ایف سی کے ساتھ 1-1 سے ڈرا کھیلا۔ ریڈ مائنر 20 میچوں میں 21 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں ساتویں نمبر پر ہیں۔
چنئیین ایف سی کے پاس بھی اتنے ہی پوائنٹس ہیں (19 میچوں میں سے 21)، لیکن اس نے ایک میچ کم کھیلا ہے۔ فی الحال یہ دونوں ٹیمیں ٹاپ سکس میں نہیں ہیں لیکن آنے والے میچ کی فاتح بنگلورو ایف سی کو چھٹے نمبر سے ہٹا سکتی ہے۔
چنئیین ایف سی کے اسکاٹش ہیڈ کوچ اووین کوئل نے بدھ کو میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس میں کہا، ’’جمشید پور ایف سی ایک خطرناک ٹیم ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ان کے پاس واقعی اچھے کھلاڑی ہیں اور یہ کہنا مناسب ہے کہ انہیں زیادہ پوائنٹس جیتنے چاہیے تھے۔‘‘
جمشید پور ایف سی کے ہیڈ کوچ خالد جمیل نے میچ سے پہلے کہا، ’’چنئی ایف سی واقعی ایک اچھی ٹیم ہے۔ یہ ہمارے لیے ایک اہم میچ ہوگا اور یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے دوسرے میچوں سے بھی سیکھیں۔‘‘
آپ کو بتاتے چلیں کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 13 میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں چنئیین ایف سی نے 5 اور جمشید پور نے 3 میچز جیتے ہیں، جب کہ 5 میچ ڈرا ہوئے ہیں۔