آوارہ کتوں کا گھر کے سامنے معصوم بچی پر حملہ، دردناک مناظر

تاثیر،۴       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ،04اپریل:آوارہ کتوں نے رہائشی سوسائٹی میں ایک معصوم بچی پر حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔ ہاؤسنگ سوسائٹی کی گلی میں گھومنے والے آوارہ کتوں نے ایک چار سالہ بچی پر حملہ کر دیا جس کے باعث اسے شدید زخم آئے۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیاہے کہ بچی اپنے گھر کے سامنے کھڑی ہے اسی دوران اس پر آوارہ کتوں کی جانب سے حملہ کر دیا گیا۔ حملے کے دوران کتے بچی کو نوچتے رہے جس کے باعث بچی کا خون تیزی سے بہنے لگا۔بچی کے چلانے کی آواز پر اس کی والدہ اس کی مدد کو پہنچی اور سخت جدوجہد کے بعد کتوں سے بچی کی جان چھڑائی، بچی کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، ڈاکٹروں کا کہنا بچی کو شدید زخم آئے ہیں۔آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات انڈیا میں معمول بن چکے ہیں، اس سے قبل بھی ریاست اتر پردیش کے شہر سہارن پور میں ایک سات سالہ لڑکا آوارہ کتوں کے کاٹنے کے باعث چل بسا تھا۔پولیس سپریٹنڈنٹ سورج راج نے بتایا تھا کہ کنہا نامی ایک لڑکا اپنے گھر کے باغیچے میں کھیل رہا تھا جس دوران آوارہ کتوں نے اس پر حملہ کر دیا۔جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔