اداکار عمران خان کی نو سال بعد واپسی، فلم کی شوٹنگ شروع

تاثیر،۲۹       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ایک اداکار جو فلم ‘ جانے تو یا جانے نا’ سے روشنی میں آیا اور پہلے ہی شاٹ میں ہی شائقین کا دل جیت لیا۔ وہ ہے عمران خان۔ عمران نے سال 2008 میں بالی ووڈ میں زبردست انٹری کے بعد اپنی اداکاری سے مقبولیت حاصل کی۔ کئی فلموں میں کام کرنے کے باوجود انہیں وہ کامیابی نہیں ملی جو وہ چاہتے تھے۔ اسی لیے عمران کافی عرصے تک سینما سے دور رہے۔ اب وہ تقریباً 9 سال بعد واپسی کر رہے ہیں۔
2015 میں فلم ‘ کٹی بٹی’ کے فلاپ ہونے کے بعد عمران نے بالی ووڈ سے بریک لے لیا۔ اس کے بعد عمران کسی فلم میں نظر نہیں آئے۔ اب عمران ایک بار پھر شائقین کو محظوظ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ عمران کی فلم کا نام ‘ ہیپی پٹیل’ ہے اور اس فلم کی شوٹنگ گوا میں شروع ہو چکی ہے۔ عمران خان کے مداح بھی پرجوش ہیں کیونکہ وہ فلموں میں واپسی کرنے جا رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق عامر خان عمران کی فلم ‘ ہیپی پٹیل’ میں بھی ایک کیمیو کرتے نظر آئیں گے۔ یہ کامیڈی طرز کی فلم ہے اور اس فلم کو عامر خان پروڈکشن پروڈیوس کررہے ہیں۔ فلم ‘ہیپی پٹیل’ کے بعد عمران او ٹی ٹی پر بھی ڈیبیو کریں گے۔ وہ ایک ویب سیریز میں نظر آئیں گے۔