اروند کیجریوال نے کورٹ میں لگائی نئی عرضی، جج نے ای ڈی سے مانگا جواب

تاثیر،۴  اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی،04اپریل:شراب گھوٹالہ معاملے میں دہلی کی تہاڑ جیل میں بند وزیراعلی اروند کیجریوال نے ایک بار پھر عدالت کا رخ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے وکیل نے عدالت میں درخواست دائر کردی۔ اس درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جیل انتظامیہ کو ان کے وکلا سے ملاقات کے لئے اضافی وقت دینے کا حکم دیا جائے۔ ای ڈی نے اروند کیجریوال کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ تفتیشی ایجنسی کی تحویل مکمل ہونے کے بعد انہیں عدالتی تحویل میں تہاڑ جیل بھیج دیا گیا ہے۔راؤز ایونیو کورٹ میں وزیراعلی کیجریوال کی درخواست پر جج کاویری باویجا نے نوٹس لیا۔ جج نے وزیراعلیٰ کی درخواست پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ہفتے میں دو بار اپنے وکیل سے قانونی ملاقات کا موقع دیا جاتا ہے۔اپنی تازہ درخواست میں وزیراعلیٰ نے عدالت سے استدعا کی کہ اسے ہفتے میں 5 مرتبہ بڑھایا جانا چاہئے۔ اروند کیجریوال کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ انہیں کئی ایف آئی آر کا سامنا ہے اور بہت زیادہ قانونی کام کرنا ہوتا ہے اس لیے ملاقاتوں کی تعداد بڑھائی جائے۔ای ڈی دہلی شراب گھوٹالہ کیس میں منی ٹریل کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔ اس معاملے میں سابق نائب وزیراعلی منیش سسودیا کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ چھ ماہ جیل میں گزارنے کے بعد سپریم کورٹ نے دو دن پہلے سنجے سنگھ کو ضمانت دے دی ہے۔ وزیراعلی کیجریوال پچھلے 15 دنوں سے سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ ای ڈی کی حراست مکمل ہونے کے بعد اب وہ عدالتی حراست میں تہاڑ جیل میں بند ہیں۔دہلی شراب گھوٹالہ کیس میں ای ڈی نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی نے دہلی شراب پالیسی کا استعمال ساوتھ کے تاجروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیا تھا تاکہ وہ گوا انتخابات 2022 میں پارٹی کو فنڈ فراہم کر سکیں۔