اسلامیہ اردو مڈل وہائی اسکول کی جانب سے منعقدسالانہ رزلٹ ڈے اورتقسیم انعامات تقریب کا اہتمام

تاثیر،۴       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ،4 اپریل:اسلامیہ اردومڈل وہائی اسکول،پھلواری شریف،پٹنہ میں سالانہ رزلٹ ڈے اورتقسیم انعامات تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں اسلامیہ ہائی اسکول سمیت اسلامیہ گروپ آف انسٹی ٹیوشنسن کے ذریعہ چلائے جارہے اداروں کے ذمہ داران وکارکنان،معلمین ومعلمات اور بچے اوربچیوں کے والدین وگارجین حضرات شریک ہوئے۔اس موقع پر کامیاب طلبہ وطالبات کوشیلڈ،میڈل اوررزلٹ کارڈ بھی دیاگیا۔طلبہ وطالبات نے امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اورمجموعی طور پررزلٹ 95.3فیصد رہا۔بہار اسکول اگزامنیشن بورڈ سے شائع رزلٹ کے مطابق دسویں جماعت میں ارشد علی نے اسکول ٹاپرکا اعزازحاصل کیا،جب کہ سمیر اورتوصیف دوسرے اورتیسرے نمبر پر رہے۔بارہویں جماعت کے سائنس سبجیکٹ سے اقصیٰ ہاشمی اورآرٹس سبجیکٹ سے ریشوپروین نے اسکول ٹاپر کا اعزازحاصل کیا،جب کہ سائنس سبجیکٹ سے صدف پروین اورگلستاں منظر اورآرٹس سبجیکٹ سے عارفین اورعالیہ پروین دوسرے اورتیسرے نمبر پر رہیں۔اسلامیہ گروپ آف انسٹی ٹیوشنس کے چیئرمین جناب الحاج خورشید حسن صاحب مشغولیت کی وجہ سے پروگرام میں حاضر نہیں ہوپائے،ان کی طرف سے پیغام پڑھ کرسنایا گیا،جس میں انہوں نے طلباوطالبات کو ان کی بہترکارکردگی پر مبارک باد پیش کیا اورآئندہ بھی اسے برقراررکھنے پر زوردیا۔اسلامیہ اردو مڈل اسکول کی پرنسپل محترمہ ڈاکٹر فرح دیبا نے کہا کہ تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے بغیر ترقی ممکن نہیں، والدین بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ بچیوں کی تعلیم پر بھی توجہ دیں، ایک پڑھی لکھی ماں پڑھے لکھے خاندان کی ضمانت ہوتی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا افتخار احمد نظامی نے کہاکہ تعلیم کے ساتھ تربیت ہی ایک اچھی قوم تیار کر سکتی ہے، بچوں کی تربیت کے لیے والدین اساتذہ کے ساتھ مل کر اپنے بچوں کو قوم کے ہیروز بنائیں۔بچوں کے رزلٹ کارڈ میں اچھے نتائج دیکھنے کو مل رہے ہیں، جو خو ش آئند ہے۔اسلامیہ اردوہائی اسکول کے سکریٹری جناب نثار احمد نے بچے اوربچیوں کی تعلیم کے تئیں والدین اورگارجین کی دلچسپی کو اہم بتاتے ہوئے اسے ضروری قراردیا۔اس تقریب سے ادارہ فلاح المسلمین کے صدر جناب امتیاز علی خان،سابق پرنسپل جناب سید مسعود اختر،سبکدوش اساتذہ کرام جناب عابد حسین،سید محمد نعیم اختر قادری اورجناب نعیم صبانے بھی خطاب کیا اوروالدین وگارجین حضرات کو بچوں کی تعلیم میں معاون بننے کا مشورہ دیا۔تقریب کی نظامت اسکول کی معلمہ محترمہ ہما فاطمہ اورمحترمہ نصرت ندیم نے مشترکہ طور پر انجام دیا۔اخیر میں اسکول کے سکریٹری نے تمام والدین،گارجین اورمہمانوں کا شکریہ اداکیا۔