اورنگ آباد میں دلخراش حادثہ، دو منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق

تاثیر،۳       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

اورنگ آباد ، 3 اپریل:آج صبح سحرکے وقت ایک دو منزلہ عمارت میں آگ لگنے کی وجہ سے دو معصوم بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد کی موت ہو گئی۔ یہ دلخراش حادثہ اورنگ آباد کے چھاونی علاقے میں ہوا۔ جہاں رات تقریباً 3 سے 4 بجے کے دمیان ایک کپڑے کی دکان میں زبردست آگ لگ گئی۔ جس کی وجہ سے دکان کی بالائی منزل پر رہنے والے ایک ہی خاندان کے 7 افراد دم گھٹنے کی وجہ سے جاں بحق ہوئے ان میں تین خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔اورنگ آباد کے چھاونی علاقے میں دانہ بازار جین مندر کے قریب کنگس اسٹائیل ٹیلرنگ اینڈ کلاتھ سینٹر دوکان میں آگ لگنے سے اوپر پہلی منزل پر ایک ساتھ رہنے والے میاں بیوی اور انکے دونوں بچے، وسیم شیخ عبدالعزیز (30 سال)، تنویر وسیم شیخ (23 سال) عاصم وسیم شیخ (3 سال)، پری واشیم شیخ (2 سال) اور انکی والدہ حمیدہ بیگم عبدالعزیز (50)، بھائی اور بھابی شیخ سہیل عبدالعزیز (35)، ریشما شیخ سہیل(23) دم گھٹنے کی وجہ سے اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔ جس دو منزلہ عمارت کے دوکان میں آگ لگی یہ عمارت ان لوگوں کی ملکیت ہے۔
مزید تفصیلات کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ الیکٹرک موٹر سائیکل کے چارجر میں دھماکہ کی وجہ سے ہوا، تاہم ابھی اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ آگ کس وجہ سے لگی۔کیمپ کے علاقے میں تین منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر کپڑے کی دکان ہے۔ رات کے وقت، دکان میں بورڈ پر الیکٹرک موٹر سائیکل کے چارجر لگائے گئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس چارجر کے پھٹنے سے کپڑے کی دکان میں آگ لگ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئے۔ تاہم اس وقت تک سات افراد کی موت ہو گئی تھی۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ پنچنامے کے بعد لاشوں کو گورنمنٹ گھاٹی اسپتال بھیج دیا گیا۔ پولیس کمشنر نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ہے۔