بس چلانے میں تاخیر، ڈرائیور پر مسافر کا حملہ۔ ویڈیو وائرل، ملزم کے خلاف معاملہ درج

تاثیر،۲۲       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد، 22 اپریل: تلنگانہ کی صوبائی حکومت حیدرآباد میں بس چلانے میں تاخیر ہونے پر آرٹی سی بس ڈرائیور پر مسافر نے حملہ کردیا۔ اس واقعہ کے خلاف تلنگانہ کے ضلع وقارآباد کے بس ڈپو میں بسوں کو روک دیا گیا۔ حملہ کے اس واقعہ کا ویڈیو وائرل ہوگیا جس کے بعد پولیس نے ڈرائیور کی شکایت پر نواز نامی مسافر کے خلاف معاملہ درج کرلیا۔ اس بس ڈرائیور کی شناخت راملو کے طورپر کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق مسافر نواز نے بس ڈرائیور سے بس چلانے میں تاخیر کی وجہ دریافت کی جس پر بس ڈرائیور نے اس سے کہا کہ چونکہ وہ اورکنڈکٹر کھانا کھارہے ہیں اسی لئے پانچ منٹ میں بس چلائی جائے گی۔ اس پر برہم نوجوان نے ڈرائیور راملو پر حملہ کردیا جس کے بعد ڈرائیور نے اس معاملے کی پہلے تو جانکاری وقارآباد پولیس اسٹیشن کو دی اور ساتھ ہی اس نواز نامی نوجوان کے خلاف شکایت بھی درج کروائی۔پولیس نے اس شکایت کی بنیاد پر ملزم کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے۔ اسی دوران نوجوان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے پرائیویٹ بسوں کو روک کر احتجاج کیا گیا جس کے نتیجہ میں صبح ہی سے مختلف مقامات جیسے پرگی، وقارآباد اور حیدرآباد جانے والی بسیں صرف ڈیپوز تک ہی محدود رہیں۔