بہار جیتے تو ملک جیت لیں گے ، بہار انقلاب کی سرزمین رہی ہے: ملکارجن کھڑگے۔

تاثیر،۱۹       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ٹھاکر گنج (محمد محیط حسن رضا)
کشن گنج کے لوہا گاڑھا میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ کشن گنج کے ایم پی ڈاکٹر محمد جاوید آزاد کی حمایت میں سٹیج پر ریاستی صدر ڈاکٹر اکھلیش سنگھ، سابق ریاستی صدر مدن موہن جھا، سابق ایم ایل اے توصیف عالم موجود تھے۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے جناب کھرگے نے کہا کہ یہ انتخاب ملک کو بچانے کے لیے ہے، یہ انتخاب جمہوریت کو بچانے کے لیے ہے، یہ انتخاب آئین کو بچانے کے لیے ہے۔ کوئی آپ کو مذہب کے نام پر اکسائے گا، کوئی آپ کو ذات کے نام پر اکسائے گا، کوئی آپ کو علاقے کے نام پر اکسائے گا، اگر آپ اس جال میں پھنس گئے تو آپ کا بہت بڑا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی جھوٹ کے سردار ہیں، انہوں نے ہر سال 2-2 کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا اور کچھ نہیں دیا۔ کانگریس حکومت نے اپنے تمام وعدے پورے کیے ہیں۔ اگر ہم مودی کے جھوٹ سے جان چھڑانا چاہتے ہیں تو کانگریس کو مضبوط کرنا ہوگا، کشن گنج کے لوگوں کو کانگریس امیدوار کو چننا ہوگا۔ شری کھڑگے نے کہا کہ میں 50 سال سے الیکشن جیت رہا ہوں، اپنے کیرئیر میں 11 بار الیکشن لڑا ہوں، سونیا گاندھی کے کہنے پر 82 سال کی عمر میں سیاست میں ہوں،  میں مرتے دم تک مودی کے نظریے کے خلاف لڑتا رہوں گا۔ ڈرو نہیں، لڑو، حکومت کے ہر اس فیصلے پر آواز اٹھاؤ جو آپ کے مفاد میں نہ ہو، مودی کی گارنٹی کا شکار نہ ہوں، میں نے پچھلے دو انتخابات میں یہ جملہ ثابت ہوتے دیکھا ہے۔ نہرو جی نے ملک کو فیکٹریاں دیں، آئین بنایا، بڑے ڈیم بنائے، ایمس، آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم جیسے ادارے دیے، ملک کی تعمیر میں کانگریس نے کیا نہیں کیا۔ 55 سالوں میں ہم نے سوئی سے لے کر ہائی وے تک سب کچھ بنایا، آزادی سے پہلے ملک میں کیا تھا، کانگریس نے ملک کی تعمیر نو کی ہے، روزگار فراہم کیا ہے اور امکانات پیدا کیے ہیں۔ کانگریس کے دور میں تیل سے لے کر آٹے تک ہر چیز سستی ملتی تھی، مودی کے دور میں قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، مودی جی نے سب کچھ برباد کرکے چھوڑ دیا ہے۔ نوٹ بندی سے لیکر  جی ایس ٹی کے ذریعے  برباد کیا۔ یو پی اے حکومت نے اے ایم یو سینٹر کشن گنج کو دیا، اس کا افتتاح سونیا گاندھی نے کیا، مودی حکومت 10 سال میں کیمپس نہیں بنا سکی۔ انہوں نے کہا کی کانگریس کا ہر ووٹر ہمارا کارکن ہے، آپ ہر گھر میں جائیں، عوام کو بتائیں کہ کس کو ووٹ دینے کا کیا فائدہ ہوگا، ہماری گزارش ہے۔