بی ایس پی نے ڈاکٹر منیش سچان کو فتح پور لوک سبھا امیدوار بنایا

تاثیر،۲۰       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

فتح پور، 20 اپریل:بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے ڈاکٹر منیش سچان کو ضلع کی لوک سبھا سیٹ کے لیے اپنا امیدوار قرار دیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے پہلے ہی موجودہ رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر سادھوی نرنجن جیوتی کو ہیٹ ٹرک بنانے کے لیے انتخابی مہم میں اتارا ہے۔ وہیں سماج وادی پارٹی ابھی بھی جیتنے والے امیدوار کی تلاش میں ہے۔ اب لوگوں نے قیاس آرائیاں شروع کر دی ہیں کہ پسماندہ طبقے کے دو امیدواروں کے آنے کے بعد ایس پی کسی اعلیٰ ذات کے امیدوار کو میدان میں اتار سکتی ہے، کیونکہ اب تک جن دو ناموں پر زور شور سے چرچا ہو رہی تھی۔ ان میں ایک نام ایس پی کے ریاستی صدر نریش اتم م پٹیل اور سابق ایم پی ڈاکٹر اشوک پٹیل کا ہے۔
بی ایس پی نے 11 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں بی ایس پی نے فتح پور لوک سبھا سیٹ سے ڈاکٹر منیش سچان کو اپنا امیدوار قرار دیا ہے۔ لوک سبھا سیٹ کے لیے طویل انتظار کے بعد بی ایس پی نے کانپور دیہات کے گھاٹم پور کے اننت پور کے رہنے والے ڈاکٹر منیش سچان پر داو? لگایا ہے۔ منیش سچان کا تعلق پسماندہ طبقے کی کرمی برادری سے ہے۔ 2010 میں ایم بی بی ایس کرنے کے بعد منیش سچان پانچ سال تک گھٹم پور سی ایچ سی میں میڈیکل آفیسر کے طور پر تعینات رہے۔
فی الحال ڈاکٹر منیش نجی شعبے میں چار اسپتال چلا رہے ہیں۔ وہ فتح پور ضلع کے لیے ایک نیا اور نامعلوم چہرہ ہے۔ بی ایس پی تنظیم اور کارکنوں سمیت اپنے سماج میں اپنی شناخت قائم کرنا ان کے لیے بڑا کام ہے۔