بی ا یس پی سربراہ مایاوتی نے امیدوار کو ہی پارٹی سے برخاست کردیا

تاثیر،۱۸       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 18اپریل: بہوجن سماج پارٹی نے بدھ کے روز جھانسی-للت پور لوک سبھا سیٹ سے اپنے امیدوار راکیش کمار کشواہا باروا کو اس اعلان کے ٹھیک آٹھ دن بعد ہی ڈسپلن شکنی کے الزام میں پارٹی سے نکال دیا۔ اس کے علاوہ ضلع صدر جے پال اہیروار کو بھی ہٹا کر بی کے گوتم کو نیا ضلع صدر مقرر کیا گیا ہے۔ پارٹی بے دخلی کا اعلان نو تعینات ضلعی صدر کی جانب سے شام کو جاری کیا گیا ہے۔کیلاش پال کو ڈویژنل انچارج کے عہدے سے ہٹا کر للت پور کا ضلع انچارج بنایا گیا ہے۔ نئے امیدوار کا ابھی اعلان نہیں ہوا۔ طویل انتظار کے بعد بہوجن سماج پارٹی نے 9 اپریل کو جھانسی-للت پور لوک سبھا سیٹ سے راکیش کشواہا باروا کو اپنا امیدوار قرار دیا تھا۔ یہ اعلان بندیل کھنڈ کے چیف کوآرڈینیٹر لالہ رام اہیروار نے ورکرز کانفرنس میں کیا۔اس دوران دونوں ڈویژنل انچارج کیلاش پال اور بی ڈی پھولے، ضلع صدر جے پال اہیروار موجود تھے۔ بدھ کی شام، بی ایس پی کی جانب سے، ضلع صدر بی کے گوتم نے ایک ریلیز جاری کرتے ہوئے راکیش کشواہا بروا کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کیا۔ اخراج کی وجہ ڈسپلن شکنی اور پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونا بتایا گیا ہے۔اس سلسلے میں بندیل کھنڈ کے چیف کوآرڈینیٹر لالہ رام اہیروار نے بتایا کہ راکیش کشواہا کو نکالنے کے ساتھ ہی ضلع صدر جے پال اہیروار کو ہٹا کر بی کے گوتم کو ضلع صدر بنایا گیا ہے۔ کیلاش پال کو ڈویژنل انچارج کے عہدے سے ہٹا کر للت پور کا ضلع انچارج بنایا گیا ہے۔ دوسری طرف راکیش کشواہا بروا کا کہنا ہے کہ انہیں پارٹی سپریمو مایاوتی کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی ہدایات نہیں ملی ہیں۔بہوجن سماج پارٹی کے امیدوار کے اعلان کو لے کر کافی دنوں سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں لیکن ذات پات کے مساوات کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی نے کشواہا سماج سے راکیش کشواہا بروا کو اپنا امیدوار قرار دیاتھا۔ امیدوار کے اعلان کے بعد پارٹی کا ایک دھڑا غیر مطمئن ہوگیا۔ چرچا ہے کہ اس کی وجہ سے پارٹی کے پروگراموں کی رفتار سست پڑ گئی تھی۔ یہ معاملہ بی ایس پی سپریمو مایاوتی تک پہنچایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور پرانے کارکنوں سے مکمل معلومات لینے کے بعد امیدوار کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔