تائیوان میں زلزلے کے شدید جھٹکے، سونامی کی وارننگ

تاثیر،۳       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

تائپے، 3 اپریل: تائیوان میں آج (بدھ) صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس سے دارالحکومت تائپے سمیت دیگر علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تائیوان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.4 ریکارڈ کی گئی۔ ایجنسی نے سونامی کی وارننگ جاری کی ہے۔
تائیوان کی موسمیاتی ایجنسی اور تائیوان نیوز نے ارضیاتی خلل کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ تائیوان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز ہوالین کاونٹی ہال سے 25 کلومیٹر جنوب جنوب مشرق میں 15.5 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔زلزلے کے تیز جھٹکے ہوالین کاونٹی، ایلان کاونٹی، میاولی کاونٹی، تائچنگ، چانگ ہواکاونٹی، سینچو کاونٹی، نانٹو کاونٹی، تاویووان، نیو تائپے اور تائپے میں محسوس کیے گئے۔
اس کے علاوہ تائیتونگ کاونٹی، چیائی کاونٹی، یونلن کاونٹی، کاوشیونگ، چیائی، سینچو، تائینان اور کیلونگ، پنگتونگ کاونٹی، پینگھو کاونٹی، لیان چیانگ کاونٹی، کنمین کاونٹی میں ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تائیوان کی موسمیاتی ایجنسی نے تائیوان کے علاقے میں سونامی کی وارننگ جاری کی ہے۔ وارننگ میں کہا گیا ہے کہ یہ تائیوان کو متاثر کرے گا۔ ساحلی باشندوں کو شدید سیلاب سے لاحق خطرات سے خبردار کیا گیا ہے۔