تھامس کپ بیڈمنٹن: ہندوستان نے انگلینڈ کو 0۔5 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی

نئی دہلی، 29 اپریل: دفاعی چیمپئن ہندوستان نے پیر کو گروپ سی کے ایک میچ میں انگلینڈ کو 0۔5 سے شکست دے کر بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن (بی ڈبلیو ایف ) تھامس کپ 2024 کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ہندوستانی ٹیم اب اپنے آخری گروپ میچ میں انڈونیشیا کا مقابلہ کرے گی۔بیڈمنٹن ایسوسی ایشن آف انڈیا (بی اے آئی) کی ایک پریس ریلیز کے مطابق، ہندوستانی خواتین نے بھی لگاتار دو جیت کے ساتھ اوبر کپ 2024 کے آخری آٹھ میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے اور منگل کو گروپ اے کے اپنے آخری میچ میں ان کا مقابلہ چین سے ہوگا۔مردوں کے گروپ سی کے میچ میں عالمی نمبر 9 ایچ ایس پرنائے نے ہیری ہوانگ کو 15۔21، 15۔21 سے شکست دے کر ٹیم کو فاتحانہ آغاز فراہم کیا۔ایشین گیمز کے گولڈ میڈلسٹ ستوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی نے اس کے بعد بین لین اور شان وینڈی کی انگلش جوڑی کو ایک گھنٹہ پانچ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 17۔21، 21۔19، 15۔21 سے شکست دی اور ہندوستان کی برتری 0۔2 کر دی۔ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے اگلے سنگلز میچ کے لیے لکشیا سین کو آرام دینے کا فیصلہ کرنے کے بعد، کدامبی سری کانت نے ندیم دلوی کو 16۔21، 11۔21 سے شکست دے کر ہندوستان کو 0۔3 سے آگے لے لیا۔ اس کے بعد ایم آر ارجن اور دھرو کپیلا کی جوڑی نے بی ٹی روری ایسٹن اور ایلکس گرین کی جوڑی کو 17۔21، 21۔19 اور کرن جارج نے چولن کیان کو 18۔21، 12۔21 سے شکست دے کر ہندوستان کو 0۔5 کی برتری دلائی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پختہ کر لی۔