خود مختاریت کے لئے پیشہ وارانہ تعلیم کی غیر معمولی اہمیت: پروفیسر مشتاق احمد

تاثیر،۲۴       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

سی ایم کالج ، دربھنگہ میں چار پیشہ وارانہ کورسوں پر مذاکرہ

دربھنگہ: ۲۵؍ اپریل:۔عصرِ حاضر میں روز بروز پیشہ وارانہ تعلیم کی اہمیت میں اضافہ ہو رہاہے کیوں کہ کالج ویونیورسیٹیوں سے فارغین طلبا ء کو سرکاری روزگار کے مواقع کم مل رہے ہیں ۔ ایسی صورت میں پیشہ وارانہ تعلیم کی سند رکھنے والے طلبا خود مختار ہونے کے لئے اپنا روزگار شروع کررہے ہیں اور اس میں انہیں کامیابی بھی مل رہی ہے اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں روایتی کورسوں کے ساتھ ساتھ پیشہ وارانہ تعلیم کا بھی نظم کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر مشتاق احمد پرنسپل سی ایم کالج نے کیا۔ پروفیسر احمد کالج میں چار نئے کورسوں کے تعارفی مذاکرہ سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ کالج میں ڈیجٹل مارکیٹنگ، کمپیوٹر اکائوٹنگ، آرٹی فیشیل اینٹلجنس اور ڈاٹا انالائسس کا سرٹیفکٹ کورس شروع کیا جا رہاہے ۔یہ سبھی کورس یونیورسٹی سے منظور شدہ ہے ۔

ان کورسوں میں مختلف درجوں میں داخل طلبا وطالبات یعنی بی اے، بی کام، ایم اے،ایم کام اور بی بی اے و بی سی اے میں زیر تعلیم طلباء ان چاروں سرٹیفکٹ کورسوں میں داخلہ لے سکتے ہیں اورچھ مہینے کے بعد امتحان میں شامل ہو کر سرٹیفکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب پوری دنیا میں ان چاروں نئے پیشہ وارانہ کورسوں کو اہمیت دی جا رہی ہے اس لئے روایتی ڈگری کے ساتھ ساتھ اگر ہمارے طلبا اضافی سرٹیفکٹ کے ساتھ روزگار کے شعبے میں جائیں گے تو انہیں اولیت دی جائے گی ۔اگر طلبا چاہیں تو خود بھی اپنا روزگار شروع کرکے دوسرے بیروزگاروں کے لئے معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔مذاکرہ میں پروفیسر اشوک کمار پودار نے سبھی کورسوں کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالی اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ایل این متھلا یونیورسٹی ، دربھنگہ کا یہ پہلا کالج ہے جہاں اس طرح کے پیشہ وارانہ کورسوں کا آغاز ہو رہاہے۔شعبۂ کامرس کے صدر پروفیسر للت شرما نے عصرِ حاضر میں ان کورسوں کی ضرورتوں اور اہمیت پر اظہار خیال کیا ۔ ڈاکٹر رتیکا موریہ نے ڈیجٹل مارکٹنگ ، ڈاکٹر دویا شرما نے کمپیوٹر اکائونٹنگ اور ٹکشیسن ، محمد ندیم نے آرٹی فیشیل انٹلی جنس (مصنوعی ذہانت) اور ڈاکٹر شاکر عالم نے ڈاٹا انالائسس کی تکنیکی باریکیوں پر روشنی ڈالی اور ان کورسوں کی غیر معمولی اہمیت کو اجاگر کیا ۔واضح ہو کہ حال ہی میں للت نرائن متھلا یونیورسٹی ، دربھنگہ کے موجودہ معزز وائس چانسلر پروفیسر سنجے کمار چودھری نے کالج میں ان چاروں کورسوں کے نصاب کی منظوری دی ہے اس لئے کالج میں طلبا وطالبات کو اس پیشہ وارانہ تعلیم کی اہمیت وافادیت سے آشنا کرانے کے لئے یہ مذاکرہ منعقد کیا گیا تھا۔