دمشق کے نواح میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں دو افراد ہلاک

تاثیر،۱اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دمشق،یکم اپریل:شام کی وزارت دفاع نے اطلاع دی ہے کہ گولان کی پہاڑیوں کی سمت سے دارالحکومت دمشق کے اطراف میں اسرائیلی فضائی حملے میں دو شہری زخمی ہو گئے، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہو گئے۔وزارت دفاع کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا اور کچھ مادی نقصان بھی ہوا۔شام کی خبر رساں ایجنسی [سانا] نے اس سے قبل اطلاع دی تھی کہ فضائی دفاعی فورسز نے دارالحکومت دمشق کے آس پاس میں “دشمن کے اہداف کا مقابلہ” کیا۔
دریں اثناء سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا ہے “کم از کم چار اسرائیلی میزائلوں نے دمشق میں جمرایا میں سائنسی ریسرچ کے علاقے کو نشانہ بنایا، جس کی وجہ سے اس جگہ پر آگ بھڑک اٹھی”۔ سیریئن آبزرویٹری نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔قبل ازیں جمعہ کو حلب (شمالی شہر) میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 38 فوجی اور لبنانی حزب اللہ کے سات ارکان سمیت 52 افراد ہلاک ہوئے۔گذشتہ برسوں کے دوران اسرائیل نے شام میں سیکڑوں فضائی حملے کیے، جن میں بنیادی طور پر ایرانی اور لبنانی حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں ہتھیاروں اور گولہ بارود کے گوداموں اور سامان کی ترسیل کے ساتھ ساتھ شامی فوج کے مراکز بھی شامل تھے۔
7 اکتوبر کو غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد ان حملوں میں شدت آئی ہے۔