دو مرحلوں کے انتخابات میں صرف ایک بار بہار آئے راہل گاندھی ، 4 اضلاع کے نام تک نہیں جانتے :پی کے

تاثیر،۲۵       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 25 اپریل:انڈیا اور این ڈی اے اتحاد نے ووٹنگ کے دوسرے مرحلے کے لیے انتخابی مہم میں پوری طاقت لگائی۔ دونوں اتحاد اپنی جیت کا دعویٰ کر رہے ہیں لیکن انتخابی حکمت عملی ساز پرشانت کشور نے ووٹنگ سے ایک دن قبل انڈیا اتحاد کی انتخابی مہم پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی دو مرحلوں میں صرف ایک بار بہار آئے۔پرشانت کشور نے اپوزیشن کی انتخابی مہم پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی 40 سیٹوں پر لڑنے والے عظیم اتحاد کی مہم کے لیے دو مرحلوں میں صرف ایک بار بہار آئے ، اس سے انتخابات کے حوالے سے ان کی سنجیدگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ پرشانت کشور نے کہا کہ راہل گاندھی کو بہار کے چار اضلاع کے نام تک نہیں معلوم ہوں گے۔ جن سوراج پدیاترا کے آغاز کرنے والے پرشانت کشور نے بہار کے تناظر میں راہل گاندھی اور کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بہار سے راہل گاندھی کا کیا مطلب ہے ؟ براہ کرم مجھے بتائیں کہ ا?پ نے راہل گاندھی کو بہار میں آخری بار کب دیکھا تھا ؟ کیا آپ نے انہیں کبھی بہار کے مسئلہ پر بولتے ہوئے سنا ہے ؟ کانگریس نے 40 سال سے بہار کو برباد کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہار کے لوگوں نے اتنی عقلمندی کا مظاہرہ کیا کہ انہوں نے کانگریس کو بہار سے بالکل الگ کر دیا۔ پرشانت کشور نے مزید کہا کہ غریبوں کی بات کرنے والے یہ لوگ اب کہہ رہے ہیں کہ کرناٹک میں خواتین کو 3000 روپے دیں گے۔ کیا کرناٹک یا بہار کی خواتین غریب ہیں ؟ اگر کرناٹک کی ایک خاتون کو 3000 روپے ملنا چاہئے تو بہار میں کانگریس والے حکومت میں شامل ہیں، تو بتائیے کہ بہار کی خواتین کو ایک ہزار روپے بھی کیوں نہیں مل رہے ؟ جو شخص اپنی زندگی میں بہار کے چار اضلاع کے نام نہیں جانتا اس سے کیا سوال کرنا چاہئے ؟