دہلی ایئر پورٹ سے نقلی پائلٹ اصلی پولیس کے ہتھے چڑھ گیا

تاثیر،۲۶       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ، 26اپریل: سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے دہلی ایئرپورٹ پر ایک فرضی پائلٹ کو پکڑا ہے، جو پائلٹ کی وردی پہن کر ہوائی اڈے کے ارد گرد گھوم رہا تھا۔ معلومات کے مطابق، سی آئی ایس ایف نے ملزم کو پکڑ کر دہلی پولیس کے حوالے کر دیا۔یہ واقعہ 25 اپریل کو پیش آیا۔ پائلٹ کی وردی میں ملبوس ایک شخص کو ہوائی اڈے کے اسکائی واک کے قریب چہل قدمی کرتے دیکھا گیا۔ سی آئی ایس ایف کو اس شخص پر شک ہوا اور اس سے پوچھ گچھ کی۔ پوچھ گچھ کے دوران پتہ چلا کہ وہ پائلٹ نہیں تھا۔ سی آئی ایس ایف نے دہلی پولیس کو معاملے کی اطلاع دی اور پولیس نے اسے پکڑ لیا۔ملزم سنگاپور ایئرلائن کے پائلٹ کے طور پر سفر کر رہا تھا۔ اس کے گلے میں شناختی کارڈ بھی لٹکا ہوا تھا۔ تاکہ کوئی اس پر شک نہ کرے۔ ملزم کی شناخت 24 سالہ سنگیت سنگھ کے طور پر کی گئی ہے جو گوتم بدھ نگر کا رہنے والا ہے۔تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزم نے بزنس کارڈ میکر ایپ کا استعمال کرکے سنگاپور ایئرلائن کے پائلٹ کا جعلی شناختی کارڈ بنایا تھا۔ اس نے پائلٹ کی وردی دوارکا علاقے سے خریدی تھی۔ اس نے 2020 میں ممبئی سے 1 سالہ ایوی ایشن ہاسپیٹلٹی کورس کیا۔ وہ اپنے گھر والوں سے بھی جھوٹ بولتا رہا کہ وہ پائلٹ ہے۔