سنیل نارائن اشون کو پیچھے چھوڑ کر آئی پی ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پانچویں گیند باز بن گئے

تاثیر،۲۷       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ، 27 اپریل : کولکاتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے آل راؤنڈر سنیل نارائن روی چندرن اشون کو پیچھے چھوڑتے ہوئے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔نارائن نے جمعہ کو ایڈن گارڈنز میں پنجاب کنگز (پی بی کے ایس) کے خلاف میچ کے دوران یہ کارنامہ انجام دیا۔ کھیل کے دوران نارائن نے اپنے چار اوور کے اسپیل میں صرف 24 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے 13ویں اوور میں ریلی روسو کو آؤٹ کرکے ہندوستان کے اسٹار اسپنر کو پیچھے چھوڑ دیا۔اب تک کیریبین کرکٹر نے آئی پی ایل میں 170 میچز اور 169 اننگز کھیل کر 6.74 کے اکانومی ریٹ سے 173 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں انہوں نے چار بار چار وکٹیں اور صرف ایک بار پانچ وکٹیں حاصل کیں۔اس دوران اشون نے 204 میچوں اور 201 اننگز میں 172 وکٹیں حاصل کیں۔
یوزویندر چہل آئی پی ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ 153 میچوں میں چہل نے 21.37 کی اوسط سے 5/40 کی بہترین کارکردگی کے ساتھ 200 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے آئی پی ایل کیریئر کے دوران چھ بار چار وکٹیں اور ایک بار پانچ وکٹیں حاصل کیں۔میچ کی بات کریں تو اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کے کے آر کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 261 رنز بنائے ، کے کے آر کی جانب سے فل سالٹ ( 75)، سنیل نارائن ( 71) نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ آندرے رسل ( 24) اور کپتان شریاس آئیر ( 28) نے ٹھوس اننگز کھیل کر کے کے آر کو 250 سے آگے بڑھایا۔جواب میں پنجاب نے جونی بیرسٹو ( ناٹ آؤٹ 108) کی سنچری اور پربھسمرن سنگھ ( 54)، ریلی روزاف ( 26) اور ششانک سنگھ ( ناٹ آؤٹ 68) کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت ہدف 18.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔کے کے آر کا اگلا مقابلہ پیر کو ایڈن گارڈنز میں دہلی کیپٹلس (ڈی سی) سے ہوگا۔