سی ایم فلائنگ نے چھاپہ مارا، این سی ای آر ٹی کی جعلی کتابیں برآمد

تاثیر،۳       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

فرید آباد، 3 اپریل: چیف منسٹر فلائنگ ٹیم نے بدھ کے روز شہر کے بلبھ گڑھ کے امبیڈکر چوک میں واقع ایک کتاب فروش پر چھاپہ مارا اور بڑی مقدار میں جعلی این سی ای آر ٹی کتابیں برآمد کیں۔ اس کے بعد ٹیم نے بلبھ گڑھ کے ایک گودام سے بڑی تعداد میں این سی ای آر ٹی کی جعلی کتابیں بھی برآمد کیں۔معلومات کے مطابق فرید آباد میں چیف منسٹر فلائنگ اسکواڈ کو اطلاع ملی تھی کہ بلبھ گڑھ کے امبیڈکر چوک میں واقع منگلا بک ڈپو پر فرضی این سی ای آر ٹی کتابیں بیچ کر بھاری منافع کمایا جا رہا ہے۔ اس کے بعد ڈی ایس پی منیش سہگل کی قیادت میں سی ایم فلائنگ ٹیم نے این سی ای آر ٹی دہلی کے بزنس مینیجر بھوپیندر سنگھ اور اسسٹنٹ پروڈکشن آفیسر راجیش کمار کے ساتھ منگلا بک ڈپو پر چھاپہ مارا۔ دکان سے بڑی مقدار میں جعلی این سی ای آر ٹی کتابیں برآمد ہوئیں۔ چھاپے کے دوران ٹیم نے منگلا بک ڈپو کے آپریٹر گورو اگروال ولد مہیش چند سے پوچھ تاچھ کی اور رشی نگر بلبھ گڑھ میں ایک گودام کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ اس کے بعد این سی ای آر ٹی ٹیم نے گودام سے بڑی مقدار میں جعلی این سی ای آر ٹی کتابیں بھی برآمد کیں۔ چھاپے میں کلاس 6 سے 12 تک کے مختلف مضامین کی تقریباً 5600 جعلی کتابیں برآمد کی گئیں۔پولیس کے مطابق گورو اگروال نے این سی ای آر ٹی ٹیم کو بتایا کہ اس نے یہ کتابیں شیام اینڈ سنز، نیو روڈ، دریا گنج، نئی دہلی سے منگوائی ہیں۔ این سی ای آر ٹی کی ٹیم نے منگلا بک ڈپو کے آپریٹر، رادھا نگر بلبھ گڑھ کے رہنے والے گورو اگروال کے خلاف شہر کے مقامی تھانے میں مقدمہ درج کیا ہے۔