غلام نبی آزاد نے اننت ناگ راجوری سیٹ سے لوک سبھا الیکشن لڑیں گے

تاثیر،۲اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں ،2 اپریل: ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے صدر غلام نبی آزاد اننت ناگ-راجوری پارلیمانی سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ آپ کو بتا دیں کہ اس سیٹ پر تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو انتخابات ہوں گے۔ جبکہ جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پانچ مرحلوں میں انتخابات ہونے ہیں۔ ادھم پور سیٹ پر پہلے مرحلے کی ووٹنگ 19 اپریل کو ہوگی۔کانگریس جماعت سے پانچ دہائیوں کی رفاقت ختم کرنے کے بعد جموں و کشمیر کی سیاست میں واپس لوٹنے والے غلام نبی آزاد نے ڈی پی اے پی پارٹی کی بنیاد رکھی اور گزشتہ دو سالوں سے مسلسل جموں اور کشمیر کے تمام اضلاع میں عوامی جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں۔لوک سبھا انتخابات میں اْنہوں نے ادھم پور ڈوڈہ سیٹ سے جی ایم سروڑی کو امیدوار نامزد کیا ہے۔اب اننت ناگ راجوری سیٹ پر خود آزاد اپنی قسمت آ زما رہے ہیں۔اس سیٹ پر نیشنل کانفرنس نے میاں الطاف احمد کو پارٹی کا امیدوار نامزد کیا ہے۔
مذکورہ سیٹ پرآزاد کی انٹری نے اس سیٹ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔تاہم بی جے پی اور پی ڈی پی نے اپنے امیدواروں کا اعلان کرنا باقی ہے۔لیکن عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ پی ڈی پی اْن کے خلاف امیدوار کھڑے نہیں کرے گی۔