مضبوطی کا نیا ریکارڈ بنا کر پھسلا شیئر بازار

تاثیر،۴       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 4 اپریل: مثبت عالمی رجحانات کے باعث گھریلو شیئر بازار نے آج ایک بار پھر تاریخ کی بلند ترین سطح کا نیا ریکارڈ قائم کردیا لیکن مارکیٹ کھلنے کے فوراً بعد شروع ہوئی منافع وصولی کی وجہ سے سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس اپنے تمام فوائد کھو بیٹھے اور سرخ نشان پر پہنچ گئے۔ آج کی ٹریڈنگ مضبوطی کے ایک نئے ریکارڈ کے ساتھ شروع ہوئی۔ مارکیٹ کھلنے کے فوراً بعد سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس نے خرید کی حمایت کے ساتھ اب تک کی بلند ترین سطح کا ایک اور نیا ریکارڈ قائم کیا۔ لیکن اس کے بعد مارکیٹ میں گراوٹ آگئی۔ کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد سینسیکس 0.16 فیصد اور نفٹی 0.20 فیصد کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
کاروبار کے پہلے ایک گھنٹے کے دوران شیئر مارکیٹ کے بڑے شیئروں میں این ٹی پی سی، ایچ ڈی ایف سی بینک، پاور گرڈ کارپوریشن، ہنڈالکو انڈسٹریز اور کول انڈیا کے شیئر 2.46 فیصد سے لیکر 0.74 فیصد کے اضافے کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری طرف شری رام فائنانس، ہیرو موٹو کارپ، انڈس انڈ بینک، گراسم انڈسٹریز اور سن فارماسیوٹیکلز 1.20 فیصد سے لیکر 0.98 فیصد تک کے نقصان کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
موجودہ کاروبار میں شیئر مارکیٹ میں 2,155 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہورہی تھی۔ ان میں سے 1,228 شیئرس منافع کماکر سبز نشان میں جبکہ 927 حصص خسارے کے بعد سرخ رنگ میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 9 حصص خریداری کی حمایت کے ساتھ سبز نشان میں بنے ہوئے تھے۔ دوسری جانب فروخت کے دباو کے باعث 21 حصص سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل شیئروں میں سے 14 حصص سبز نشان میں اور 36 حصص سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
بی ایس ای کے سینسیکس نے آج 537 پوائنٹس کی چھلانگ لگاکر بلند ترین سطح کا نیا ریکارڈ بناتے ہوئے 74,413.82 پوائنٹس پر کھلا۔ کاروبار کی شروعات ہوتے ہی یہ انڈیکس خریداری کی حمایت سے 74,501.73 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد مارکیٹ میں منافع وصولی شروع ہوگئی جس کی وجہ سے یہ انڈیکس تیزی سے گرنے لگا۔ فروخت کے دباو کی وجہ سے یہ انڈیکس بالائی سطح سے 750 پوائنٹس گر کر 73,730.45 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد صبح 10:15 بجے سینسیکس 115.09 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 73,761.73 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 157.45 پوائنٹس کی مضبوطی کے ساتھ آل ٹائم ہائی کا نیا ریکارڈ بناتے ہوئے 22,592.10 پوائنٹس پر تجارت شروع کی۔ مارکیٹ کھلنے کے بعد خریداری کی حمایت سے یہ انڈیکس 22,619 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد فروخت کنندگان نے فروخت کا دباو بنادیا جس کی وجہ سے یہ انڈیکس اپنے تمام فوائد کھو کر سرخ نشان پر پہنچ گیا۔ مسلسل فروخت کے باعث یہ انڈیکس بالائی سطح سے تقریباً 250 پوائنٹس گر کر 22,372.55 پوائنٹس پر آگیا۔ مارکیٹ میں لگاتار خرید و فروخت کے درمیان ابتدائی 1 گھنٹے کی تجارت کے بعد صبح 10:15 بجے نفٹی 44.15 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 22,390.50 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔