میں روزی، روٹی اور روزگار کی بات کر رہی ہوں: ڈاکٹر روہنی

تاثیر،۲۴       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

چھپرہ (نقیب احمد)
سارن لوک سبھا سیٹ سے گرینڈ الائنس کی  آر جے ڈی امیدوار ڈاکٹر روہنی آچاریہ نے امنور اسمبلی حلقہ کے ایک درجن گاؤں میں روڈ شو کیا۔دورے پر روانہ ہونے سے قبل روضہ واقع دفتر میں کارکنوں اور حامیوں سے ملاقات کر ان کا حال معلوم کیا۔مذکورہ معلومات دیتے ہوئے ترجمان ہرےلال یادو نے کہا کہ ڈاکٹر روہنی نے سبکدوش ہونے والے ایم پی کے ہوم بلاک امنور میں وزیر اعظم نریندر مودی کے پورا بہار میرا خاندان ہے والے بیان پر طنز کیا اور کہا کہ اگر پی ایم مودی بہار جیسی پسماندہ ریاست کو خاندان مانتے ہیں تو دس سالوں میں بہار کو خصوصی درجہ کیوں نہیں دیا گیا؟بہار کو خصوصی پیکیج کیوں نہیں دیا گیا؟بی جے پی امیدوار شری روڈی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کے دور میں لاک ڈاؤن کے دوران سارن کے لوگ اپنی جان بچانے کے لیے ایمبولینس کے لیے ترس رہے تھے اور ایم پی نے درجنوں ایمبولینسیں اپنے رہائشی کمپلیکس میں کھڑی کر رکھی تھیں۔بعد میں انہوں نے ڈرائیور کی کمی کے بارے میں مضحکہ خیز بہانے بنایا۔جس سے پورے ملک کی بدنامی ہوئی۔آر جے ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ لوگوں سے ملاقات کرتے ہوئے ڈاکٹر اچاریہ نے کہا کہ سارن کی سرزمین ہمارے بابو جی کے جائے کارکردگی ہے۔میں آپ لوگوں کی بیٹی ہوں۔اور ہمیشہ ہر خوشی اور غم میں آپ کے ساتھ رہوں گی۔اس بار 20 مئی کے انتخابات میں سارن کی عوام اس شخص کے دس سالہ دور اقتدار کا بدلہ چکائے گی جو آپ کے ووٹوں سے ہوائی جہاز پر اڑتے رہتے ہیں۔سارن کے لوگ اپنی بیٹی کو دہلی بھیجنے کے لیے اپنے پیار اور آشیرواد کا ووٹ دیں گے۔ڈاکٹر روہنی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی،وزیر داخلہ شاہ،وزیر اعلیٰ نتیش میرے خاندان کے بارے میں مسلسل نازیبا بیان دے رہے ہیں۔جب کہ ہم بہار کے لوگوں کے مفاد میں روزی روٹی،خوراک،روزگار،بہتر تعلیم اور ادویات جیسے مسائل پر عوام کے درمیان گھوم رہے ہیں۔بہار کے لوگ سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔روڈ شو میں ضلع صدر سنیل رائے،وجے کمار ودیارتھی،اوما جیسوال وغیرہ شامل تھے۔