نیشنل ویمن ہاکی لیگ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا اندازہ لگانے کا موقع فراہم دے گی: یوگیتا بالی

تاثیر،۲۶       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 26 اپریل: ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کی سابق گول کیپر یوگیتا بالی نے قومی خواتین ہاکی لیگ پر خصوصی زور دینے کے ساتھ ساتھ ہی تمام سطحوں پر کھیل کو فروغ دینے کے مقصد سے ہاکی انڈیا کی مجموعی پہل کی تعریف کی ہے ۔
30 اپریل سے 9 مئی تک جھارکھنڈ کے رانچی میں اپنا آغاز کرنے کے لیے تیار، نیشنل ویمنز ہاکی لیگ 2024-25 ہندوستانی خواتین کی ہاکی کا ایک تاریخی ایونٹ ہے۔ 14 ویں ہاکی انڈیا سینئر ویمنز نیشنل چیمپیئن شپ 2024 میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کی یہ لیگ خواتین کی ہاکی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
لیگ کی اہمیت کے بارے میں، یوگیتا نے جمعہ کو ہاکی انڈیا کے حوالے سے کہا،’’نیشنل ویمنز ہاکی لیگ ہندوستان میں خواتین کی ہاکی کی ترقی کے لیے ایک بڑی چھلانگ ہے۔یہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور ہائی پریشر کے حالات میں انمول تجربہ حاصل کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔‘‘
36 سالہ کھلاڑی نے ہاکی انڈیا لیگ (ایچ آئی ایل) میں حصہ لینے کی خواہشمند کھلاڑیوں کے لیے ایک قدم کے طور پر لیگ کے کردار پر بھی زور دیا اور کہا،’’اس سال کے آخر میں ہاکی انڈیا لیگ کی آنے والے ایونٹ کے ساتھ، قومی خواتین ہاکی لیگ کھلاڑیوں کو ان کی صلاحیتوں کا اندازہ لگانے اور دباو کے حالات سے نمٹنے کے لیے انمول مواقع فراہم کرتی ہیں۔ خاص طور پر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے، یہ ٹورنامنٹ اپنے سینئر کھلاڑیوں سے بصیرت اورسبق کو اپنانے کا ایک انمول موقع فراہم کرتا ہے، جس سے کھیل میں ان کے ترقیاتی سفر کو تقویت ملتی ہے۔‘‘
لیگ کے علاوہ، ہاکی انڈیا کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کا عزم اس کے زمینی سطح پر ترقیاتی پروگرام کے ذریعے واضح ہے۔ بالی نے اس اقدام کی تعریف کی، خاص طور پر ملک بھر میں ابھرتے ہوئے گول کیپرز اور ڈریگ فلکرز کے لیے جاری خصوصی کیمپ کی ۔
انہوں نے کہا،’’ہاکی انڈیا کی طرف سے یہ ایک بہت اچھی پہل ہے۔ یہ کیمپ نوجوان کھلاڑیوں کو ان سابق کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں جنہوں نے ان پوزیشنوں پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور جن کے پاس برسوں کا تجربہ ہے، اس طرح بہترین کارکردگی اور رہنمائی فراہم کرنے کے کلچر کو فروغ ملتا ہے‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ سابق گول کیپرز اور ڈریگ فلکرز، بشمول یوگیتا خود، کو ملک بھر میں اعلیٰ درجے کی قومی اکیڈمیوں میں سخت تین روزہ تربیتی پروگراموں کی قیادت کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ کیمپ کھیل کے اندر ان اہم کرداروں میں مہارت حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے خواہشمند کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی شناخت اور ان کو بہتر بنانے کے لیے بنائے گئے ہیں۔