ٹرک نے کار کو ماری ٹکر، دو افراد جاں بحق، ایک کی حالت تشویشناک

تاثیر،۲۷       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

سیونی، 27 اپریل: مدھیہ پردیش میں تیز رفتار کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ تازہ ترین معاملہ سیونی ضلع کا ہے جہاں ایک تیز رفتار ٹرک نے کار کو ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار خاتون سمیت دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔
معلومات کے مطابق یہ حادثہ سنیچر کی صبح سیونی ضلع کے چھپرا نگر کے نیشنل ہائی وے 44 پر پیش آیا۔ چندر پرکاش بیسن اپنی بیوی بندرا اور سالا بسنت پٹلے کے ساتھ کٹنی سے واپس آرہے تھے۔ تبھی چھارا بائی پاس کے قریب ان کی کار کو ٹرک نے ٹکر مار دی۔ حادثے میں بسنت پٹلے اور ان کی بیوی کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ حادثے میں چندر پرکاش بسین شدید زخمی ہوا ہے، جسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ فی الحال پولیس نے کیس درج کرکے جانچ شروع کردی ہے۔