پتنجلی کی گمراہ کن اشتہارات کامعاملہ:یوگاگرو بابارام دیو نےسپریم کورٹ میں مانگی غیر مشروط معافی

تاثیر،۲اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی،02 اپریل :یوگا گرو بابا رام دیو اور پتنجلی آیوروید کے منیجنگ ڈائریکٹر آچاریہ بال کرشنا نے پتنجلی کے گمراہ کن اشتہارات کی اشاعت کے معاملے میں سپریم کورٹ میں معافی مانگی۔ دونوں نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔ سپریم کورٹ نے سماعت کے دوران کہا کہ آپ (رام دیو اور بال کرشن) کو یہ یقینی بنانا چاہیے تھا کہ آپ کیبیان کے بارے میں حلف نامہ داخل کیا گیا ہے۔ اشتہار کے معاملے میں تازہ حلف نامہ داخل کرنے کے لیے مزید وقت مانگنے والی پتنجلی کی درخواست پر عدالت نے کہا کہ بعض اوقات چیزیں اپنے منطقی انجام تک پہنچ جاتی ہیں۔عدالت نے مزید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سراسر نافرمانی ہے، نہ صرف سپریم کورٹ بلکہ ملک بھر کی تمام عدالتوں کے ہر حکم کا احترام کیا جانا چاہیے۔سپریم کورٹ نے رام دیو اور آچاریہ بال کرشن سے کہا کہ آپ کو عدالت میں دیئے گئے وعدے پر عمل کرنا پڑے گا، آپ نے ہر حدکو عبور کردیاہے۔ وہیں سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے معاملے کو لے کر کہا کہ جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ حال ہی میں عدالت نے رام دیو اور بال کرشن کو طلب کیا تھا۔ جسٹس ہیما کوہلی کی سربراہی والی بنچ نے کہا تھا کہ آیورویدک کمپنی پتنجلی نے گمراہ کن اشتہارات کی مسلسل اشاعت پر جاری توہین عدالت نوٹس کا جواب نہیں دیا ہے۔27 فروری کو بنچ نے گزشتہ سال نومبر میں سپریم کورٹ کے سامنے دی گئی یقین دہانی کی خلاف ورزی کرنے پر آچاریہ بالکرشن اور پتنجلی کے خلاف توہین کی کارروائی شروع کی تھی۔ بنچ میں جسٹس احسن الدین امان اللہ بھی شامل تھے۔