ڈوڈہ میں 529 پولنگ اسٹیشنوں کے لئے پولنگ عملے کو سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ روانہ کیا گیا

تاثیر،۱۸       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں ،18 اپریل: ادھم پور ڈوڈہ پارلیمانی حلقہ میں پولنگ شروع ہونے میں اب چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔جمعرات کی صبح سے ڈوڈہ ضلع میں آزادانہ اور منصفانہ پولنگ کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ہرویندر سنگھ نے تصدیق کی ہے کہ ڈوڈہ ضلع میں کل ہونے والی پولنگ کے لیے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ زیادہ تر پولنگ پارٹیاں پہلے ہی اپنے متعلقہ سٹیشنوں کو روانہ کر دی گئی ہیں، ضلع میں 513 مقامات پر کْل 529 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ہرویندر سنگھ نے رائے دہندگان کو یقین دلایا کہ خراب موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پناہ گاہ اور کم سے کم سہولیات جیسے پینے کا پانی، بجلی، اور بیت الخلاء￿ دستیاب ہیں۔ اس فعال نقطہ نظر کا مقصد ڈوڈہ ضلع کے تمام حلقوں کے لیے ووٹنگ کے ایک ہموار اور مساوی عمل کو یقینی بنانا ہے۔ایس ایس پی ڈوڈہ جاوید اقبال نے بھی تصدیق کی کہ زیادہ تر پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی فورسز کو پہنچا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ کے پرامن اور محفوظ طریقے سے انعقاد کو یقینی بنانے کے حساس اور نازک پولنگ اسٹیشنوں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔