کار اور بولیرو کی خوفناک ٹکر میں ماں -بیٹا جاں بحق، 11 افراد زخمی

تاثیر،۲۲       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کھرگون، 22 اپریل۔ مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع میں اتوار کی دیر رات ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہاں تیز رفتار کار اور بولیرو کے درمیان تصادم میں معمر ماں- بیٹا جاں بحق ہوگئے، جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں سے آٹھ شدید زخمیوں کو اندور ریفر کیا گیا ہے۔ حالانکہ اس دوران ضلع اسپتال میں کافی ہنگامہ ہوا۔معلومات کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی دیر رات 3:30 بجے چتور گڑھ بھساول ہائی وے پر بسٹان بلاک میں پیش آیا۔ یہاں بولیرو میں سفر کرنے والا خاندان شادی کی تقریب سے واپس آرہا تھا۔ اس دوران چیک پوائنٹ پر ہوٹل کے سامنے سنجے نگر سے شہر کی طرف جارہی ایک بولیرو گاڑی اور بسٹان کی طرف جارہی کار کے درمیان زبردست ٹکر ہوگئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے۔ حادثے میں بولیرو سوار امین اور اس کی 70 سالہ ماں سیکو بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ دونوں گاڑیوں میں 11 افراد سوار تھے۔ ان میں سے آٹھ لوگوں کو علاج کے لیے اندور ریفر کیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ بولیرو میں سوار سنجے نگر کے رہنے والے شبیر خان کا پورا کنبہ اندور میں ایک شادی کی تقریب سے واپس آرہا تھا۔ لواحقین کا الزام ہے کہ حادثے کے بعد ضلع اسپتال میں ڈاکٹروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران افراتفری مچ گئی۔ ایمبولینس نہیں ملنے سے لواحقین میں ناراضگی تھی۔ حالانکہ پولیس اور اسپتال انتظامیہ نے صورتحال کو سنبھالا اور زخمیوں کو اندور روانہ کیا۔ شدید زخمیوں میں سے دو سینئر کانگریس لیڈر ڈاکٹر گووند مجالدے کے بھتیجے بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے حادثے کے سلسلے میں معاملہ درج کرلیا ہے۔