کانپور: فرضی انکم ٹیکس افسر گرفتار

تاثیر،۴       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کانپور، 04 اپریل: کانپور ضلع کی پولیس نے بدھ کی رات راوت پور تھانہ علاقے میں مسوان پور چوراہے کے قریب گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کا افسر ہونے کا دعویٰ کرنے والے ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس قانونی کارروائی کرتے ہوئے اسے جمعرات کو عدالت میں پیش کرے گی۔
اسسٹنٹ پولیس کمشنر کلیان پور ابھیشیک کمار پانڈے نے بتایا کہ راوت پور تھانے کی پولیس بدھ کی رات مسوان پور چوراہے کے قریب گاڑیوں کی جانچ کر رہی تھی۔ اس دوران انہوں نے محکمہ انکم ٹیکس میں رجسٹرڈ ایک گاڑی کو روکا، تو اس کے ڈرائیور نے بتایا کہ وہ محکمہ انکم ٹیکس میں کام کرنے والا ملازم ہے۔ پولیس نے اس نوجوان کی شناختی کارڈ دیکھ کر اس کی چھان بین کی تو پتہ چلا کہ اس نام کا کوئی شخص محکمہ انکم ٹیکس میں کام نہیں کرتا۔ وہ فرضی افسر تھا۔ جس کے بعد ملزم کے خلاف تھانے میں مقدمہ درج کر کے اسے جمعرات کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔