کانگریس نے آزادی کی جنگ لڑی لیکن آج کانگریس پر ایک ہی خاندان کے لوگوں کا کنٹرول ہے: نتیش کمار

تاثیر،۲۱       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کشن گنج ، 21 اپریل:وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ضلع کے ٹھاکر گنج کے گاندھی میدان میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آر جے ڈی اور کانگریس کو خاندان پر مبنی پارٹی قرار دیتے ہوئے سخت نشانہ بنایا۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار اتوار کے روز جے ڈی یو امیدوار مجاہد عالم کی حمایت میں جلسہ عام سے خطاب کرنے یہاں پہنچے تھے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے اہلیہ کو بنایا، پھر بیٹا کو بنایا اور اب وہ اپنی بیٹی کو بنا رہے ہیں۔ صرف انہیں خاندان کی فکر ہے۔ کانگریس پارٹی پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس نے آزادی کی جنگ لڑی لیکن آج کانگریس ایک خاندان کے کنٹرول میں ہے جس کی وجہ سے کانگریس پارٹی ختم ہورہی ہے۔ سی ایم نے کہا کہ نریندر مودی اور میرا کوئی خاندان نہیں ہے۔ آپ لوگ ہم دونوں کی فیملی ہیں۔انہوں نے مسلم کمیونٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مدرسہ کی کیا حالت تھی اور آج کیا ہے۔ ہم نے بہت کام کیا، کیا آپ لوگ ہمیں بھول جائیں گے؟ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ آر جے ڈی کے دور میں شرح پیدائش 4.3 فیصد تھی، جس کے بعد جب ہم نے لڑکیوں کو تعلیم دینا شروع کی تو شرح پیدائش 2.9 فیصد ہو گئی۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی طرف سے چلائی جارہی اسکیموں اور حکومت کی کامیابیوں کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا اور جے ڈی یو امیدوار مجاہد عالم کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔اس موقع پر حکومت بہارکے وزیر ڈاکٹر دلیپ کمار جیسوال ، محمدزما خان ، وجے چودھری ، سید شاہنواز حسین ، نوشاد عالم ، مجاہد عالم ، گوپال اگروال ، سکندر سنگھ اور دیگر رہنما موجود تھے۔