کوہلی کا بڑا کارنامہ، ساتویں بار آئی پی ایل میں 500 رن کا ہندسہ چھو لیا

تاثیر،۲۹       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 29 اپریل : رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے بلے باز وراٹ کوہلی نے ساتویں بار انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں 500 رن کا ہندسہ عبور کرلیا۔ اس کے ساتھ وہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کے ساتھ بلے بازوں کی خصوصی گروپ میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ سب سے زیادہ مرتبہ انجام دیا ہے۔وراٹ کوہلی آئی پی ایل کے سات سیزن میں 500 یا اس سے زیادہ رن بنانے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ گجرات ٹائٹنز کے خلاف میچ میں وراٹ زبردست فارم میں نظر آئے اور انہوں نے 44 گیندوں میں چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 70 رن بنائے۔ ان کے رن 159.09 کے اسٹرائیک ریٹ سے آئے۔
موجودہ آئی پی ایل سیزن میں، وراٹ نے 10 اننگز میں 71.42 کی اوسط اور 147.49 کے اسٹرائیک ریٹ سے 500 رن بنائے ہیں، جس میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں، جس سے وہ اس سیزن میں اب تک سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ ان کا بہترین اسکور 113* ہے۔

انہوں نے آئی پی ایل 2011 میں پہلی بار 500 کا ہندسہ عبور کیا۔ وہ کرس گیل (608 رن) کے بعد دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے 16 میچوں میں 46.42 کی اوسط اور 121.09 کے اسٹرائیک ریٹ سے 557 رن بنائے۔ انہوں نے چار نصف سنچریاں اسکور کیں جن میں ان کا بہترین اسکور 71 تھا۔
اس کے بعد انہوں نے 2023 میں 500 کا ہندسہ چھو لیا۔ وراٹ، مائیکل ہسی (733) اور کرس گیل (708) کے بعد تیسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز تھے۔ انہوں نے 16 میچوں میں 45.29 کی اوسط اور چھ نصف سنچریوں کی مدد سے 138.73 کے اسٹرائیک ریٹ سے 634 رن بنائے۔ ان کا بہترین اسکور 99 تھا۔ آر سی بی کے لئے بطور کپتان یہ ان کا پہلا سیزن تھا۔

وراٹ نے اس کے بعد 2015 میں 500 کا ہندسہ چھو لیا۔ وراٹ کوہلی نے آئی پی ایل میں اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے 16 میچوں میں 45.91 کی اوسط اور تین نصف سنچریوں کے ساتھ 130.83 کے اسٹرائیک ریٹ سے 505 رن بنائے۔ ان کا بہترین اسکور 82* تھا۔ وراٹ کوہلی پانچویں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز تھے۔
اس کے بعد 2016 کے سیزن میں وراٹ کوہلی نے 16 میچوں میں 81.08 کی اوسط اور 152.03 کے اسٹرائیک ریٹ سے 973 رن بنائے اور اکیلے ہی فرنچائز کو فائنل تک پہنچایا۔ اس دوران انہوں نے چار شاندار سنچریاں اور سات نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ان کا ایک سیزن میں رن بنانے کا ریکارڈ آٹھ سال گزرنے کے بعد بھی نہیں ٹوٹا ہے۔

وراٹ کے لئے 2018 کا سیزن بھی بہت اچھا رہا۔ وراٹ نے 48.18 کی اوسط اور 139.11 کے اسٹرائیک ریٹ سے 530 رنز بنائے۔ انہوں نے 92* کے بہترین اسکور کے ساتھ چار نصف سنچریاں بنائیں۔ اس سال وہ سب سے زیادہ رن بنانے والوں میں ساتویں نمبر پر تھے۔
2023 میں وراٹ کوہلی نے 14 میچوں میں 53.25 کی اوسط اور 139.82 کے اسٹرائیک ریٹ سے 639 رن بنائے جس میں دو سنچریاں اور چھ نصف سنچریاں شامل تھیں۔ ان کا بہترین اسکور 101* تھا۔ وراٹ کوہلی چوتھے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ وراٹ کوہلی آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں، انہوں نے 247 میچوں اور 239 اننگ میں 38.43 کی اوسط اور 131.02 کے اسٹرائیک ریٹ سے 7,763 رن بنائے ہیں۔ انہوں نے آٹھ سنچریاں اور 54 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ان کا بہترین اسکور 113* ہے۔