کیمور پولس نے ڈیڑھ کوئنٹل گانجہ کے ساتھ پانچ اسمگلروں کو کیا گرفتار

تاثیر،۴       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

     کیمور ( انجم ایڈوکیٹ ) کیمور پولس کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے ۔ پولیس نے تقریباً ڈیڑھ کوئنٹل گانجے کے ساتھ پانچ اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے ۔ کیمور پولس نے یہ کارروائی کیمور کے بھگوان پور تھانہ علاقے میں کی ہے ۔ معاملے میں پولس سے موصولہ اطلاع کے مطابق بھگوان پور تھانے کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ اسمگلر ایک ہنڈئی کار میں ادھورا پہاڑی کی طرف سے بھاری مقدار میں منشیات لے کر جا رہے ہیں، اطلاع کی بنیاد پر بھگوان پور تھانہ پولس نے سڑک پر ناکہ بندی کی اور گاڑیوں کو روک کر تلاشی شروع کر دی، تلاشی کے دوران جب پولس نے ایک کار کو روک کر چیک کیا تو کار کے ٹرنک میں 46 بنڈل گانجے برآمد ہوئے جن کا وزن تقریباً 94.553 کلو گرام ہے، اس کے ساتھ ہی پولس نے پانچ اسمگلروں کو بھی گرفتار کیا ہے ۔ پولس کی پوچھ گچھ کے دوران گرفتار اسمگلروں کی اطلاع پر کیمور پولس اور بی ایس ایف کی کیو آر ٹی ٹیم نے دھومری دیو کی ناقابل رسائی پہاڑی پر چھاپہ مارا جہاں سے پولس نے تقریباً 62.414 کلو گرام گانجہ برآمد کیا ۔ پولس نے مذکورہ مقام سے چار دیگر اسمگلروں کو بھی گرفتار کیا ہے ۔ ضبط شدہ گانجے کی قیمت لاکھوں روپئے بتائی گئی ہے ۔