گزشتہ 6ماہ سے کینسر کے ساتھ جدوجہد کر رہا ہوں: بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی

تاثیر،۳       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ،03اپریل: بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر سشیل کمار مودی گزشتہ کئی ماہ سے شدید بیماری میں مبتلا ہیں۔ بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی نے ٹویٹ کر کے اس بات کی جانکاری دی۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا،‘میں گزشتہ 6 ماہ سے کینسر کے ساتھ جدوجہد کر رہا ہوں۔ اب مجھے لگا کہ لوگوں کو بتانے کا وقت آگیا ہے۔ میں لوک سبھا الیکشن میں کچھ نہیں کر پاؤں گا۔ وزیراعظم کو سب کچھ بتا دیا گیا ہے۔ ہمیشہ شکر گزار اور ہمیشہ ملک، بہار اور پارٹی کے لیے وقف۔سشیل مودی کے سیاسی کیریئر کی بات کریں تو وہ چاروں ایوانوں کے رکن رہے ہیں۔ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ ہونے کے علاوہ سشیل کمار مودی راجیہ سبھا کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ اپنے 33 سالہ سیاسی کیریئر میں سشیل مودی راجیہ سبھا، لوک سبھا، قانون ساز کونسل اور قانون ساز اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ سشیل مودی نے بہار قانون ساز کونسل میں قائد حزب اختلاف کی ذمہ داری بھی سنبھال لی ہے۔ حال ہی میں بی جے پی نے راجیہ سبھا کے امیدواروں کا اعلان کیا تھا، جس میں سشیل مودی کا نام نہیں تھا۔سشیل کمار مودی نے اپنی پوسٹ میں واضح طور پر لکھا ہے کہ وہ 6 ماہ سے کینسر میں مبتلا ہیں۔ لیکن ابھی انہوں نے لوگوں کو اس بیماری کے بارے میں بتایا ہے۔ دراصل لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد بہار میں عوامی مہم شروع ہو گئی ہے۔ ایسے میں سشیل مودی بھی کسی اسٹیج پر نظر نہیں آرہے تھے۔ لوگوں کے خدشات کو دور کرتے ہوئے انہوں نے اپنی بیماری کے بارے میں جانکاری دی ہے۔جب سشیل کمار مودی کو راجیہ سبھا سے ٹکٹ نہیں ملا تو قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ پارٹی انہیں لوک سبھا الیکشن لڑا سکتی ہے۔ لیکن حال ہی میں جب پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے امیدواروں کی فہرست جاری کی تو اس میں سشیل مودی کا نام نہیں تھا۔ اس سے یہ صاف ہو گیا کہ سشیل مودی لوک سبھا الیکشن بھی نہیں لڑیں گے۔سشیل مودی پچھلے کئی مہینوں سے عوامی پلیٹ فارم سے دوری بنائے ہوئے ہیں۔ حالانکہ وہ سوشل میڈیا پر ایکٹو ہیں اور اب انہوں نے کینسر کے بارے میں معلومات سوشل میڈیا کے ذریعے ہی دی ہیں۔