گوگل نے منایا ’ڈوڈل‘ کے ذریعے لوک سبھا انتخابات 2024 کا جشن

تاثیر،۱۹       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

سرینگر،19 اپریل:2024 کے لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کے ساتھ ہی سرچ انجن جائنٹ گوگل بھی اپنے ہوم پیج پر ’ڈوڈل‘ کے ساتھ جمہوریت کے اس سب سے بڑے تہوار میں شامل ہو گیا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے سات مراحل میں سے پہلے مرحلے میں آج کئی ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے 102 نشستوں کے لیے حق رائی دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔سرچ انجن جائنٹ گوگل اہم واقعات اور ایام کے مواقع پر اپنا ڈوڈل تبدیل کرتا رہتا ہے اور اس بار بھی گوگل نے یہ روایت برقرار رکھی اور بھارت میں عام انتخابات کے موقع پر ’’ووٹنگ ہینڈ‘‘ کی تصویر اور انڈیکس مارک پر سیاہی کے نشان کے ساتھ حرف ’او‘ کو تبدیل کر دیا ہے۔ابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں ووٹنگ کا پہلا مرحلہ صبح 7 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے ختم ہوگا۔ پہلے مرحلے کے ووٹرز میں 8.4 کروڑ مرد، 8.23 کروڑ خواتین اور تیسری جنس سے تعلق رکھنے والے 11,371 افراد شامل ہیں۔ یکم جون کو ختم ہونے والے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی 4 جون کو کی جائے گی۔ یونین ٹیریٹری جموں کشمیر میں پہلے مرحلے کے تحت ادھمپور – کٹھوعہ پارلیمانی نشست کے لیے ووٹنگ شروع جاری ہے۔ریاست تمل ناڈو کی تمام 39 نشستوں، اتراکھنڈ کی تمام پانچ نشستوں، راجستھان کی 12 نشستوں، اتر پردیش کی آٹھ، مدھیہ پردیش کی چھ، آسام اور مہاراشٹر کی پانچ پانچ نشستوں، بہار کی چار، مغربی بنگال کی تین، منی پور، اروناچل پردیش، میگھالیہ کی دو دو اور جموں و کشمیر، چھتیس گڑھ، انڈمان اینڈ نکوبار جزائر، میزورم، ناگالینڈ، پڈوچیری، سکم اور لکشدیپ کی ایک ایک نشست کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔